گجرات میں زبردست بارش - 70 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

گجرات میں زبردست بارش - 70 افراد ہلاک

احمد آباد
پی ٹی آئی
جنوبی گجرات اور سوراشٹرا کے کئی علاقوں میں گزشتہ24گھنٹوں سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور کم سے کم70افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ گیر سومناتھ ، امریلی، بھاؤنگر ، راجکوٹ اور احمد آباد سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع ہیں ۔ قومی آفات سماوی راحت انتظامیہ اور فضائیہ کے علاوہ ایس آر پی کی ٹیمیں راجکوٹ ضلع کے گونڈل اور امریلی ضلع میں بچاؤ اور راحت کاموں میں مصروف ہوگئی ہیں جہاں کئی دیہات زیر آب آگئے اور ان کا رابط دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے ۔ انڈین کوسٹ گارڈس اور فضائی کی بچاؤ ٹیمیں ایک ایم وی کوسٹل پر ائیڈ نامی کشتی کے ساتھ بچاؤ کاموں میں مصروف تھے کہ ان کی کشتی مرگاہ ساحل کے قریب ڈوب گئی ۔ ریاست کے راحت کمشنر ڈی این پانڈے نے بتایا کہ70افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر ہلاکتیں امریلی میں ہوئیں۔ سورت شہر میں برقی شاک لگنے سے دو افراد کی موت ہوئی ۔ سورت ضلع کلکٹر راجندر کمار نے بتایا کہ شہر میں آج 100ملی میٹر بارش ہوئی۔ ریاستی کنٹرول روم میں دستیاب اعداد و شمار کے مطابق امریلی میں1500 ، راجکوٹ میں4000اور بھاؤ نگر میں 100افراد کو نشینی علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ امریکہ ضلع میں تقریبا ساٹھ دیہاتوں کا ریاست کے دیگر مقامات سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے ۔ صورت حال اس وقت مزید ابتر ہوگئی جب شطرنجی ندی کا پانی اطراف و اکناف کے علاقوں میں داخل ہوگیا ۔ کئی دیہاتوں میں چالیس تا ساٹھ سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ کنٹرول روم کے آفیسر صدیق بلدی والا نے بتایا کہ امریلی ضلع میں شدید سے شدید تر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ ریاستی پولیس کی ٹیموں کو بھی بچاو اور راحت کامون کے لئے بھیجا گیا ہے ۔ راجکوٹ ضلع میں 32سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جہاں350افراد مختلف علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں ۔ راجکوٹ کی گونڈل تعلقہ میں دس دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ ضلع کلکٹر منیشا چندرا نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کی تین ٹیموں کو بچاؤ و راحت کاموں خے لئے متعین کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی میں بتلایا ہے کہ سوراشٹر اور گجرات کے نواحی علاقوں مین ہوا کا کم دباؤ بنا ہوا ہے جس کے اثر سے کل بھی گجرات میں زبردست بارش ہوسکتی ہے۔ احمد آباد میں200ملی میٹر بارش گزشتہ چار گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی ۔

Over 70 dead in Gujarat due to heavy rains

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں