یوگا کی اصل شکل بڑا گناہ مسلمانوں کے لئے ناقابل قبول - مسلم پرسنل لا بورڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-11

یوگا کی اصل شکل بڑا گناہ مسلمانوں کے لئے ناقابل قبول - مسلم پرسنل لا بورڈ

لکھنو
پی ٹی آئی
یوگا اور سوریہ نمسکار پر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے بیان پر جوابی وار کرتے ہوئے کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے آج کہا کہ یوگا پر اس کی اصل شکل میں عمل آوری مسلمانوں کے لئے ایک بڑے گناہ کے ارتکاب کی تعریف میں آتا ہے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان جناب محمد عبدالرحیم قریشی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ جو لوگ اسلام پر یقین رکھتے ہٰں وہ صرف اللہ کی بندگی کرتے ہیں جس نے انہیں زمین پر بھیجا ہے ۔ یوگا پراگر اس کی صحیح شکل میں عمل کیاجائے جسے اسکولوں میں لازمی کیاجائے گا تویہ دوسری چیزوں کو اللہ کے برابر لاکھڑا کرنے کے مماثل ہوگا جو ایک بڑا گناہ ہے ۔ بورڈ نے اس مسئلہ پر اعتراضات کئے ہیں ۔ جناب عبدالرحیم قریشی نے کہا :یوگا کے آسن اوم پڑھ کر شروع کئے جاتے ہیں ۔ تمام آسنوں کے اشلوک ہوتے ہیں۔ سوریہ نمسکار بھی آیک آسن ہے جس میں یوگ کرنیو الا شخص ہاتھ جوڑکر سورج کے سامنے جھک جاتا ہے۔ میں نقوی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آیا جو لوگ اسلام پر عمل کررہے ہیں انہیں اللہ کے علاوہ کسی اور کے سامنے جھکنے کے لئے کہاجائے گا۔ یوگا کو مذہب سے نہ جوڑنے اور اسے صرف صحت کے لئے بہتر بنانے کے طریقہ کے طور پر دیکھنے کے لئے مملکتی وزیرا قلیتی امور کی تجویز پر عبدالرحیم قریشی نے کہا کہ ایسا کہہ کر لوگوں کو گمراہ کیاجارہا ہے ۔ جب یوگا کو اسکولوں میں لازمی کیاجائے گا تو حکومت مسلم طلبہ کے خاندانوں کے تمام اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے اس کی بنیادی شکل میں رو بعمل لائے گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ حکومت اس مسئلہ پر اپنے موقف کو پیش کرنے سے کیوں کترا رہی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یوگا صحت کے لئے اس قدر اچھا ہے تو کیا اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام غیر صحت مند ہیں ۔ ان کے لئے یوگا لازمی کیوں ہے۔ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے بجائے کسی مذہب کی روایتوں کو جبراً نافذ کرنا غلط ہے۔ مختار عباس نقوی نے کل یوگا پر مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ مذہبی قائدین کی جانب سے مسلم طبقہ کو گمراہ کیاجارہا ہے ۔ نقوی نے کہا تھا: میرے خیال میں بعض افراد کو یوگا کی مخالفت کرنے کی بیماری ہوگئی ہے ۔ یوگا کے ذریعہ سے بھی اس بیماری کا علاج ہوسکتا ہے ۔

Suryanamaskar is against Islam, says Muslim Personal Law

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں