کرد جنگجوؤں نے رقہ ٹاؤن کو داعش سے آزاد کرا لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-25

کرد جنگجوؤں نے رقہ ٹاؤن کو داعش سے آزاد کرا لیا

دبئی
یو این آئی
شام میں کرد جنگجوؤں نے دولت اسلامیہ عراق و شام کے جنگجوؤں کے خلاف فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ شامی شہر تل ابیض اور اس کے مضافات پر قبضہ کے بعد کرد جنگجوؤں نے داعش کے زیر انتظام الرقہ شہر کے ایک اہم مضافاتی قصبہ پر بھی قبضہ کرنے کے بعد داعش کو نکال باہر کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کرد جنگجوؤں کو داعش کے خلاف زمینی پیش قدمی کے دوران امریکہ کی قیادت میں اتحادی فوج کی فضائی معاونت بھی حاصل رہی ہے ۔ اتحادی فوج کے جنگی طیارے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرتے ہوئے اور کرددستے زمینی کارروائی کرتے ہوئے پیش قدمی کررہے ہیں ۔ پچھلے کچھ عرصہ کے دوران کرد جنگجوؤں نے شام کے کرد اکثریتی علاقوں کو داعش سے واپس لینے کے بعد انہیں باہم مربوط بنانے میں کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ اگرچہ کردوں کی ان کامیابیوں نے اتحادی فوج کے فضائی حملوں کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا ۔ کرد جنگجوؤں نے پچھلے48 گھنٹوں کے دوران شمالی شام میں داعش کے زیر قبضہ عین عیسی شہر پر قبضہ کر کے مزید پیش قدمی کی راہ ہموار کی ہے کیونکہ اس شہر کے قریب ہی داعش کے زیر کنٹرول ایک فوجی اڈہ واقع ہے ۔ عین عیسی پر قبضہ کے بعد اس اڈہ کی سپلائی لائن منقطع ہوگئی ہے ۔ دو روز قبل اتحادی فوج کی بمباری کے جلو میں کرد جنگجوؤں کی نمائندہ حمایت الشعب اور دوسرے گروپوں نے مل کر داعش کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا ۔ خونریز جھڑپوں کے بعد داعشی جنگجو نعشیں اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے تھے ۔ منگل کو کرد جنگجوؤں کے ترجمان ریدور خلیل نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف عین عیسی جیسے اہم تزویراتی شہر کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے بلکہ اس کے مضافات میں دسیوں دیہات کو بھی داعش سے چھین لیا ہے ۔ قبل ازیں شام میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارہ آبزرویٹری نے بھی ایک بیان میں الرقہ شہر کے شمال میں واقع عین عیسی شہر سے داعش کے جنگجوؤں کے انخلا کی تصدیق کی تھی ۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ کرد جنگجوؤں کی جانب سے عین عیسی میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام جاری ہے ۔ خیال رہے کہ کرد جنگجوؤںنے پیر اور منگل کی درمیانی شب عین عیسی شہر پر قبضہ کرلیا تھا۔ یہ شہر ماضی میں شامی فوج کے بریگیڈ 9کا ہیڈ کوارٹر تھا تاہم پچھلے سال جون میں داعش نے اسے شامی فوج سے چھین لیا تھا ۔ یہ فوجی اڈہ شام میں داعش کے گڑھ الرقہ شہر سے محض56کلو میٹر کی مسافت پر ہے ۔

Kurds regain strategic town after clashes with ISIS north Raqqa

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں