عالمی حدت میں اضافہ رک جانے کی بات غلط ہے - امریکی سائنسدانوں کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-09

عالمی حدت میں اضافہ رک جانے کی بات غلط ہے - امریکی سائنسدانوں کا بیان

نیویارک
رائٹر
امریکی سائنس دانوں نے کہا ہے کہ نئے شواہد سے اس خیال پر شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں کہ حالیہ برسوں میں عالمی حدت میں اضافہ رک گیا ہے ۔ امریکی حکومت کی ایک لیبارٹری کے مطابق عالمی حدت میں اضافہ رک جانے کی باتیں غلط اعداد وشمار کی وجہ سے محض ایک مفروضہ ہیں ۔ امریکہ کے سمندری اور فضائی تحقیق کے ادارہ اوشیا نو گرافک اینڈ ایٹما سفیرک ایڈ منسٹریشن کے سائنس دانوں کے مطابق تازہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی حدت میں ہونے والا اضافہ تھما نہیں ۔ لیبارٹری کے سائنسدان ڈاکٹر ٹامس کیرل کے مطابق ہمیں امید ہے اس سے عام لوگوں کو آگاہ کیاجاسکے گا کہ اصل میں آج بھی درجہ حرارت میں اضافے کا رد عمل رکا نہیں ہے، تحقیق پر بات کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ریڈنگز کے ڈاکٹر ایڈ ہاکنز نے کہا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حال ہی میں عالمی درجہ حرارت میں کمی پرانے تصور کے برعکس بہت معمولی ہے ۔ عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے کے تھم جانے کے تصورکی وجہ سے کئی سوالات نے جنم لیا تھا کہ20ویں صدی کے آخری حصہ کے برعکس اب درجہ حرارت میں اضافہ رک گیا ہے درجہ حرارت میں اضافہ کے رک جانے کے بارے میں کئی وضاحتیں پیش کی گئیں جس میں آتش فشانی عمل اور شمسی، سمندری سر گرمیوں میں تبدیلی شامل ہے ۔ درجہ حرارت کے بارے میں تازہ تجزیہ میں سمندری لہروں کی سر گرمیوں کے مشاہدے اور سمندر کی سطح کے درجہ حرارت کے بارے میں معلومات شامل ہیں ۔ محکمہ موسمیات ہیڈ سینٹر کے مطابق نتائج سے اب بھی ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ15سال کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ کا رجحان میں اس سے پہلے کے15سال کے مقابلے میں کمی ہوئی ہے اس کا مطلب ہے کہ موسموں کے نظام میں قدرتی تغیر پذیری اور دیگر اندرونی پہلو اب بھی اثر رکھتے ہیں اور یہ اہمیت کے حامل ہیں اور اس کو مکمل طور پر سمجھنے کے بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں