اعتماز نیوز
گورنر ای ایس ایل نرسمہن مرکزی وزارت داخلہ کی طلبی پر نئی دہلی پہنچ گئے ہیں ، دوسری جانب نوٹ کے بدلہ ووٹ اسکام کی تحقیقات قطعی مرحلہ میں داخل ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اس معاملہ میں چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرا بابو نائیڈو کو گھسیٹنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان حیدرآباد کے لاینڈ آرڈر کے اختیارات سے متعلق سیکشن8پر سرد جنگ میں بھی شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ اس تعلق سے اٹارنی جنرل کے مشورہ نے تلنگانہ حکومت کو مزید برہم کردیا جو کسی بھی صورت میں حیدرآباد کے لا اینڈ آرڈرکے اختیارات گورنر کے حوالے کرنے کی سخت مخالف ہے ۔ اس دوران مرکزی وزیر قانون نے بھی واضح کردیا کہ مرکز کی طرف سے اس سلسلہ میں گورنر کو کوئی مشورہ یا وضاحت جاری نہیں کی گئی ۔ مرکزی وزیر قانون نے اس وضاحت کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے عوام کے درمیان پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے گورنر کی اچانک طلبی سے کئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ آندھر اپردیش اور تلنگانہ کے مشترکہ گورنر نرسمہن توقع ہے کہ دو دون تک قومی دارالحکومت میں قیام کریں گے ۔ امکان ہے کہ وہ مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں بشمول معتمد داخلہ سے ملاقات کریں گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے جمعہ کو گیارہ بجے دن گورنر ملاقات کریں گے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی گورنر ملاقات کرسکتے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنر اپنے دورہ دہلی کے دوران مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے علاوہ اہم قائدین کو نوٹ کے بدلہ ووٹ اسکام اور فون ٹیاپنگ الزامات سے واقف کروائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکز دونوں ریاستوں کے تصادم کو ٹالنے کے لئے گورنر کو رہنمایانہ خطوط جاری کرسکتا ہے ۔ اس دوران نوٹ برائے ووٹ معاملہ کی تحقیقات کرنے والے اینٹی کرپشن بیورو نے نامپلی میں اے سی بی کی عدالت میں ایک میمو داخل کرتے ہوئے عدالت میں فارنسک سائنس لیباریٹری کے داخل کردہ ٹیپس ، رپورٹس اور ہارڈسکس حوالے کرنے کی خواہش کی ہے ۔ قانون ساز کونسل کے انتخابات میں نامزد رکن اسمبلی اسٹیفنس کو پچاس لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی اور ان کے دوسرے دو ساتھیوں کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیا جاچکا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو کا استدلال ہے کہ ریونت ریڈی نے اس معاملہ میں جس باس سے بات چیت کی تھی وہ انتہائی اہم ترین شخصیت ہیں اور اسٹیفنس سے اس اہم ترین شخصیت کی جو بات چیت ریکارڈ کی گئی اس کی فارنسک رپورٹ بھی عدالت میں داخل کردی گئی ہے ۔ فارنسک سائنس لیباریٹری نے 14آڈیو اور ویڈیو ٹیپس کی جانچ کے بعد اے سی بی کی خصوصی عدالت میں اپنی ابتدائی رپورٹ داخل کی ۔ نامزد رکن اسمبلی کی رہائش گاہ پر اسٹنگ آپریشن کے دوران یہ آڈیو اور ویڈیو ٹیپس ریکارڈ کئے گئے ۔ فارنسک سائنس کی اس رپورٹ کو انتہائی اہمیت کی حامل قرار دیاجارہا ہے اس لئے اے سی بی اپنی تحقیقات کو حتمی شکل دینے کے لئے یہ آڈیو اور ویڈیو ٹیپس اس کے حوالے کرنے کے لئے عدالت سے رجو ع ہوئی ۔ اینٹی کرپشن بیورو اب آڈیو اور ویڈیو ٹیپس کے ثبوتوں کی بنیاد پر مزید چند تلگو دیشم قائدین بشمول چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو نوٹسیں جاری کرسکتا ہے ۔
Telangana and Andhra row reaches Delhi: Governor meets Rajnath Singh
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں