کشمیر میں زبردست بارش کے بعد سیلاب کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

کشمیر میں زبردست بارش کے بعد سیلاب کا انتباہ

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارش سے جنوبی کشمیر میں سیلابی صورتحال پید اہوگئی ہے ۔ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندی نالون میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ کے بعد انتظامیہ نے کل رات دیر گئے کشمیر میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ سنگم اور رام منشی باغ کے مقامات پر دریائے جہلم کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے اور اگلے24گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر میں واقع پہاڑیوں اور ندی نالوں کا پانی اس میں داخل ہونے سے جہلم میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے ۔ تاہم کل رات دیر گئے بارش کا سلسلہ تھم گیا اور جمعرات کو دوپہر بعد دھوپ بھی نکل آئی جس کے بعد اہلیان وادی نے راحت کی سانس لی ۔ محکمہ آبپاشی و سیلاب کنٹرول نے کل رات دیر گئے ہی سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ملازموں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اسٹیشنوں پر حاضر رہیں ۔ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندی نالوں کے کناروں پر یا ان کے نزدیک رہائش پزیر لوگوں کو چوکنا رہنے کے لے کہا گیا تھا۔ تاہم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لئے کہا گیا تھا ۔ اگرچہ دریائے جہلم کا پانی ابھی تک سری نگر یا جنوبی کشمیر کے کسی بھی آبادی والے علاقہ میں داخل نہیں ہوا ہے تاہم دریائے جہلم کے کمزور پشتونوں میں شگاف پڑنے کا خطرہ برقرار ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے لوگوں کی مدد کے لئے پولیس کنٹرول روم سری نگر میں ایک خصوصی ہیلپ لائن قائم کردی ہے ۔ جب کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع سطحوں پر ہیلپ لائن قائم کی جارہی ہے ۔ جنوبی کشمیر کے کولگام ، اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجاچکا ہے جہاں بارش کے پانی اور ندی نالوں میں طغیانی آنے سے درجنوں دیہات اور آبادیاں زیر آب آچکی ہیں ۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کولگام میں واقع ویشنو نالہ میں طغیانی آنے کے باعث کئی دیہات بشمول کھمنوہ، ریڈونی ، گھاٹ، بچلو ، شمسی پورہ اورتشال زیر آب آگئے ہیں۔ ضلع اننت ناگ میں نالہ رنبیرا میں طغیانی آنے سے کئی علاقوں بشمول مین ٹاؤن میں پانی داخل ہوگیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کچھ قصبوں کی دکانداروں نے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح دیکھ کر اپنی دکانوں سے سازوسامان کو باہر نکالنا شروع کردیا ہے ۔

Heavy rains, Flood Alert in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں