شعبان کا مہینہ - قرآن و سنت کی روشنی میں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

شعبان کا مہینہ - قرآن و سنت کی روشنی میں

month-shaban شعبان
'شعبان' اسلامی سال کا آٹھواں مہینہ ہے، یوں تو یہ پورا ہی مہینہ نفلی روزوں اورنفلی عبادات کے لیے متبرک اور فضیلت والاہے ، اس لیے کہ خود سرورِکائنات ﷺ اس ماہ میں کثرت سے نفلی روزے رکھتے تھے، جیساکہ احادیث میں مروی ہے،اس کے علاوہ اس ماہ میں ایک مبارک و محمود رات ہے جسے 'شبِ براءت' کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے ، انھیں چیزوں کا ہم یہاں مختصراً تذکرہ کریں گے۔ان شاء اللہ

ماہِ شعبان کی اہمیت
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں، میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسولﷺ! میں نے آپ کو شعبان کے مہینے سے زیادہ کسی مہینے میں (نفلی )روزے رکھتے ہوئے نہیں دیکھا ! آپﷺ نے ارشاد فرمایا : یہ ماہِ شعبان ، رجب اور رمضان کا درمیانی مہینہ ہے ، جس سے لوگ غافل ہوتے ہیں، جب کہ اس مہینے میں لوگوں کے اعمال اللہ رب العالمین کے سامنے پیش ہوتے ہیں۔ میں یہ پسند کرتاہوں کہ جب میرے اعمال(اللہ کے حضورپیش)ہوں تو میں روزہ دار ہوں۔(نسائی : 2357)

رمضان کے بعد سب سے افضل روزہ
حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں،رسول اللہﷺ سے پوچھا گیاکہ رمضان کے بعد سب سے افضل روزہ کون ساہے ؟ آپ ﷺنے ارشاد فرمایا : شعبان کا، رمضان کی تعظیم کے لیے۔(ترمذی : 663)حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے حضور اقدسﷺکو (رمضان کے علاوہ) شعبان سے زیادہ کسی ماہ میں روزے رکھتے ہوئے نہیں دیکھا۔ شعبان کے اکثر حصہ میں آپ روزے رکھتے تھے، بلکہ (قریب قریب )تمام مہینے کے روزے رکھتے تھے۔(بخاری : 1970، مسلم:782)
یہ ترقی کر کے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کاتمام ماہِ شعبان کے روزوں کاذکر صاف بتلاتاہے کہ اس سے مبالغہ مقصود ہے۔ (خصائل نبوی:253)

شب براءت
شب براء ت اسلام میں ایک مبارک رات ہے،جس کی فضیلت بہت سی احادیث سے ثابت ہے۔'شبِ برا ء ت'دولفظوں سے مرکب ہے؛(1)شب اور (2)برا ء ت۔'شب' فارسی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ہے 'رات' اور براء ت عربی زبان کا لفظ ہے، جس کا مطلب ہے 'چھٹکارا'۔ (اللغات الکشوری:ص، 411، والقاموس الوحید :1؍157)
حدیث کے مطابق چوں کہ اس رات میں بے شمار گنہگار وں کی مغفرت اور مجرموں کی بخشش ہوتی ہے اور عذابِ جہنم سے چھٹکارا اور نجات ملتی ہے، اس لیے عُرف میں اس رات کا نام ' شبِ براء ت' مشہور ہوگیا البتہ! حدیث شریف میں اس رات کا کوئی مخصوص نام نہیںآیا، بلکہ لیلۃ النصف من شعبان یعنی شعبان کی درمیانی شب کہہ کر اس کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ (الفضائل والاحکام للشہور والایام :33)

شبِ براء ت اور قرآنِ حکیم
اللہ سبحانہ وتقدس کا ارشاد ہے:( حٰمٓ، وَالْکِتَاب الْمُبِیْنِ، إنَّا أنْزَلْنَاہُ فِیْ لَیْلَۃٍ مُبَارَکَۃٍ إنَّا کُنَّا مُنْذِرِیْنَ، فِیْھَا یُفْرَقُ کُلُّ أمْرٍحَکِیْمٍ، أمْراًمِنْ عِنْدِنَا إنَّاکُنَّا مُرْسَلِیْنَ۔ (سورۃ الدخان:5۔1))ترجمہ :قسم ہے اس کتابِ واضح کی ۔ہم نے اس کو اتارا،ایک برکت والی رات میں ، ہم ہیں کہہ سنانے والے۔ اسی میں جداہوتاہے ، ہرکام جانچاہوا، حکم ہو کر ہمارے پاس سے ۔ ہم ہیں بھیجنے والے۔ (ازحضرت مولانا محمود الحسن ؒ : 659)
خلاصہ تفسیر : حٰمٓ(اس کے معنی اللہ ہی کومعلوم ہیں) قسم ہے اس کتابِ واضح (یعنی قرآن )کی کہ ہم نے اس کو (لوحِ محفوظ سے آسمانِ دنیا پر) ایک برکت والی رات (یعنی شبِ قدر) میں اتارا ہے، (کیوں کہ) ہم (بوجہ شفقت کے اپنے ارادہ میں بندوں کو) آگاہ کرنے والے تھے۔ (یعنی ہم کو یہ منظور ہوا کہ ان کو مضرتوں سے بچانے کے لیے خیروشر پر مطلع کردیں۔ یہ قرآن کو نازل کرنے کا مقصد تھا۔ آگے اس شب کے برکات ومنا فع کابیان ہے کہ) اس رات میں ہر حکمت والا معاملہ ہماری پیشی سے حکم (صادر) ہو کر طے کیا جاتا ہے (یعنی سال بھر کے معاملات جو سارے کے سارے ہی حکمت پر مبنی ہوتے ہیں، جس طرح انجام دینے اللہ کو منظور ہوتے ہیں، اس طریقے کو متعین کرکے ان کی اطلاع متعلقہ فرشتوں کو کرکے ان کے سپر د کردیے جاتے ہیں،چوں کہ وہ رات ایسی ہے، اور نزولِ قرآن سب سے زیادہ حکمت والاکام تھا، اس کے لیے بھی یہی رات منتخب کی گئی۔ (معارف القرآن :7؍756۔755)"لیلۃ مبارکۃ"سے مراد جمہور مفسرین کے نزدیک شبِ قدر ہے، جو رمضان المبارک میں ہے اور سورۂ قدر میں اس کی تصریح ہے۔(گلدستہ تفاسیر:6؍407،درس ترمذی:2؍181)معلوم ہوا کہ جمہور مفسرین کے نزدیک اس رات (جس کا مذکورہ آیتوں میں بیان ہوا)شبِ قدر ہی ہے البتہ عکرمہ ؒ اور مفسرین کی ایک جماعت کا خیال ہے کہ لیلۃ مبارکۃسے مراد، شب براء ت ، ہے ، جیسا کہ فِیْھَا یُفْرَقُ کُلُّ اَمْرٍ حَکِیْم سے معلوم ہوتاہے۔ چناں چہ اس تفسیر پر اس آیت سے ماہِ شعبان کی پندرھویں رات کی خصوصیت سے بڑی فضیلت ثابت ہوتی ہے۔
ان اقوال کی تطبیق اس طرح ممکن ہے کہ یہاں نزولِ قرآنی سے مراد حقیقۃً نزولِ قرآنی نہیں بلکہ نزول کا فیصلہ مرادہے کہ ا س مبارک رات میں ہم نے قرآن کو نازل کرنے کا فیصلہ کردیا تھا، پھر نزولِ حقیقی شبِ قدر میں ہوا۔شبِ براء ت میں امورِ محکمہ کے فیصلے ہوا کرتے ہیں ، اس لیے ظاہرہے کہ شبِ براء ت میں اس کا بھی فیصلہ کیاگیا ہوگا، کیوں کہ قرآن شریف کے نازل کرنے سے بڑا امرِ محکم اور کون سا ہو سکتاہے ؟ یعنی شبِ براء ت میں حکم ہواکہ اس دفعہ رمضان میں جو شبِ قدر آئے گی اس میں قرآن نازل کیا جائے گا، پھر شبِ قدر میں اس کا وقوع ہوگیا، کیوں کہ عادۃً ہر فیصلے کے دو مرتبے ہوتے ہیں ، ایک تجویز دوسرا انفاذ۔یہاں بھی دومرتبے ہو سکتے ہیں کہ تجویز تو شبِ براء ت میں ہوئی اور نفاذ لیلۃ القدر میں ہوا۔ (بیان القرآن : 10؍99،اشرف التفاسیر: 4؍30،28) واللہ اعلم

چاند کی تلاش
رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : رمضان کے لیے شعبان کے چاند کے دن گنتے رہو۔(ترمذی : 687)اسی لیے ماہِ شعبان کی29؍ تاریخ کو غروبِ آفتاب کے وقت رمضان المبارک کا چاند دیکھنا یعنی دیکھنے کی کوشش کرنا اور مطلع پر تلاش کرنا ضروری ہے تاکہ شعبان کی 29؍ تاریخ کو رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے تو اگلے دن سے رمضان کا روزہ رکھا جاسکے ،لیکن اگراس دن چاند نظر نہ آئے جب کہ مطلع صاف ہو، تو صبح کو روزہ نہیں رکھا جائے گا۔ ہاں اگر مطلع پر ابر یا غبار تھا تو اگلے روز صبح کو دس گیارہ بجے تک کچھ کھانا- پینا نہیں چاہیے اور اگر تب تک کہیں سے چاند نظر آنے کی خبر معتبر طریقے سے آجائے تو روزہ کی نیت کرلی جائے، ورنہ کھا پی سکتے ہیں۔ لیکن 29؍ شعبان کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں اگلی صبح کے روزہ کی اس طرح نیت کرنا کہ چاند ہوگیا تو رمضان کا روزہ ورنہ نفل، یہ طریقہ مکروہ ہے۔(عالمگیری: 1؍197) رسول اللہ حضرت محمد ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے :چاند دیکھ کر روزے رکھنے کا آغاز کرو اور چاند دیکھ روزے رکھنا موقوف کرو، پھر اگر مطلع ابر آلود ہو اور چاند نظر نہ آئے ، تو شعبان کے تیس دن پورے کرو۔(نسائی: 2117۔2118)

***
مولانا ندیم احمد انصاری
(ڈائریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا)
alfalahislamicfoundation[@]gmail.com
مولانا ندیم احمد انصاری

The month of Shaban - in the light of Quran and Sunnah. Article: Nadim Ahmed Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں