نیپال میں دوبارہ طاقتور زلزلہ - 66 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-13

نیپال میں دوبارہ طاقتور زلزلہ - 66 افراد ہلاک

کھٹمنڈو،نئی دہلی
پی ٹی آئی
7.3شدت کے زلزلہ اور مابعد جھٹکوں سے نیپال میں آج کم از کم66افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہمالیہ کے دامن میں آباد ملک میں3ہفتے قبل زبردست زلزلہ آیا تھا جس میں8ہزار سے زائد جانیں گئیں۔ نیپال کی وزارت داخلہ نے آج کے زلزلہ میں اموات کی تعداد66بتائی ہے اور کہا ہے کہ117افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دارالحکومت کھٹمندو کے شمال مشرق میں واقع دوردراز پہاڑی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلہ ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب15کلو میٹر کی گہرائی میں12:35بجے آیا۔ اس کا مبدا کھٹمنڈو سے تقریباً43کلو میٹر دور مشرق کی جانب بتایاجاتا ہے ۔ زلزلہ اضلاع ڈھولکہ اور سندھو پال چوک میں آیا جو پچھلے زلزلہ سے بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔7.3شدت کے زلزلہ کے تقریباً 30منٹ بعد6.3شدت کا دوسرا جھٹکا محسوس ہوا ۔ دہشت زدہ لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے بموجب دوسرے جھٹکے کے بعد مزید5جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت رچٹر اسکیل پر5ناپی گئی ۔ کھٹمنڈو میں6عمارتیں تباہ ہوگئیں ۔ آج کے زلزلہ نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے جو25اپریل کے بعد سے کھلے آسمان کے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں ۔ اسی دوران نیپال کے اس زلزلہ نے ہندوستان کے کئی مشرقی اور شمالی حصوں کو ہلاکر رکھ دیا ۔17افراد ہلاک ہوئے جن میں16کا تعلق بہار سے ہے۔ بہار نے پھر ایک بار زلزلہ کی مار جھیلی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے4اموات کی اطلاع ہے۔ دربھنگہ اور سارن میں فی کس 2جانیں گئیں۔ سیوان، نوادا، سمستی پور ، مظفر پور، سیتا مڑھی ، مدھے پور ہ، موتی ہاری اور پورنیہ سے فی کس ایک موت کی اطلاع ہے ۔ اتر پردیش میں ایک شخص ہلاک ہوا ۔25اپریل کے زلزلہ میں بہار میں58افراد ہلاک ہوئے تھے جو ملک میں سب کے زلزلہ میں بہار میں58افراد ہلاک ہوئے تھے جو ملک میں سب سے بڑی تعداد تھی ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ زلزلے کا تقریباایسا ہی مرکز افغانستان میں بھی تھا جس کی شدت رچٹر اسکیل پر6.9ریکارڈ کی گئی ۔ عہدیداروں کے مطابق پٹنہ جلع کے دانا پور علاقہ میں ایک شخص جب کہ دوسرا شخص بہار کے سیوان ضلع میں دیوار منہدم ہونے سے ہلاک ہوگیا ۔ دہلی، بہار، مغرب بنگال، آسام ، اڈیشہ اور اتر پردیش میں لوگ، جن کے ذہنوں میں اس زلزلے کی یاد ابھی تازہ ہے ، خوف وہراس کے عالم میں سڑکوں پر نکل آئے ۔ زلزلے کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں اسکولوں کو خالی کرایا گیا ۔ بہار کے در بھنگہ میں اسکول میں کم ازکم12 طلبا زخمی ہوگئے ۔ طلبا جھٹکوں کے بعد اپنی حفاظت کے لئے کلاس رومس سے باہر نکل گئے۔ کولکتہ میں سینکڑوں افراد اپنے گھروں اور دفاتر سے نکل کر سڑکوں پر آگئے ۔ آسام اور دیگر مشرقی ریاستوں سے بھی ایسی ہی اطلاعات آئیں۔ زلزلہ کے جھٹکے بھوپال اور چینائی میں بھی محسوس کئے گئے ۔ وزیر اعظم مودی نے صورت حال کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضرورت پڑنے پر بچاؤ اور راحت کاموں کے لئے چوکس رہنے کی ہدایت دی۔

Dozens dead after another major earthquake centered in Nepal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں