پی ٹی آئی، یو این آئی
تلنگانہ کے لئے علیحدہ ہائی کورٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے آج پارلیمنٹ ہاؤز کامپلکس میں واقع مجسمہ مہاتما گاندھی پر دھرنا منظم کیا۔ سینئر ٹی آر ایس قائداور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ میں تلنگانہ اور اے پی کے لئے علیحدہ ہائیکورٹس کا تیقن دیا گیا تھا۔ اس لئے مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے دونوں ریاستوں کے لئے علیحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا اعلامیہ جاری کرے ۔ بعد ازاں قائدین نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے اپنے مطالبہ پر زور دیا ۔ اس کے بعد ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے نو تشکیل شدہ ریاست کے لئے ایک علیحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے دو مرتبہ لوک سبھا کی کاروائی روک دی ۔ وقفہ سوالات کا جیسے ہی آغاز ہوا ، ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ ، پلے کارڈس لہراتے ہوئے کھڑے ہوگئے اور تلنگانہ ہائیکورٹ کا فوری قیام عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے ٹی آر ایس ارکان پر زور دیا کہ وہ ایوان میں احتجاج اور شوروغل سے احتراز کریں تاہم ٹی آر ایس ارکان اپنے مطالبہ پر ڈٹے رہے اور احتجاج جاری رکھا ۔ اس موقع پر پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجی ارکان سے کہا کہ مرکزی حکومت خود اس مطالبہ کی حمایت کرتی ہے۔ تاہم شوروغل کے درمیان اسپیکر سمترا مہاجن نے لوک سبھا کی کارروائی10منٹ کے لئے ملتوی کردی ۔ کارروائی کا دوبارہ آغاز11:20بجے ہوا۔ اس کے ساتھ ہی ٹی آر ایس ارکان پھر ایک بار احتجاج پر اتر آئے اور نعرے بازی کا آغاز کردیا ۔ وقفہ سوالات کے دوران جب ہنگامہ آرائی اور شوروغل جاری رہا تو اسپیکر نے احتجاجی ارکان سے کہا کہ یہ مسئلہ کسی بہتر انداز میں اٹھایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس ارکان پر زور دیا کہ وہ یہ مسئلہ وقفہ صفر کے دوران اٹھائیں ۔ اسپیکر کے بار بار درخواستوں کا احتجاجی ارکان پر کوئی اثر نہیں ہوا جس پر سمترا مہاجن نے لوک سبھا کی کارروائی11:35بجے دوسری مرتبہ ملتوی کردی ۔ بعد ازاں ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے مجسمہ گاندھی پر دھرنا منظم کرتے ہوئے پلے کارڈس لہرائے جس پر اپنے وعدے کا لحاظ رکھیے، تلنگانہ ہائی کورٹ کا فوری قیام عمل میں لائیے ، جیسے نعرے تحریر تھے ۔
TRS demands separate high court for Telangana, protests in Lok Sabha
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں