اعتماز نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے قومی ویلن ایوارڈس کے لئے رہنمایانہ خطوط وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بی جے پی کے سرکردہ قائد و سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو ملک کا سب سے بڑا سویلن ایوارڈ بھارت رتن دئیے جانے پر بیرسٹر اسد الدین اویسی کے حیدرآباد میں جلسہ عام میں اظہار کردہ اعتراضات پر آج پارلیمنٹ کے احاطہ میں اخباری نمائندوں نے انہیں گھیر لیااور ان سے ان کے ریمارکس پر ضاحت طلب کی۔ بیرسٹر اویسی نے یہ واضح کیا کہ انہوں نے جو کچھ ان ایوارڈس کے بارے میں کہا تھا وہ اس پر قائم ہیں اور ان کا یہ موقف حقیقت پسندانہ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کس کو ملک کا سویلن ایوارڈ دیاجانا چاہئے اس کے لئے رہنمایانہ خطوط وضع کئے جانے چاہئیں۔اخباری نمائندوں کی جانب سے سوالات کی بوچھار پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے سویلن ایوارڈ کے بارے میں جو موقف اختیار کیا ہے اس میں مزید اضافہ کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ایوارڈس کے بارے میں ایک طریقہ کار وضع کیاجائے ۔ گزشتہ اتوار کو حیدرآباد میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کو ترتیب وار بھارت رتن اور پدما بھوشن ایوارڈ دئیے جانے پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایل کے اڈوانی کے خلاف فوجداری مقدمات زیر سماعت ہیں ۔ ایسے شخص کو جس کے خلاف فوجداری مقدامات ہیں، ملک کا دوسرا بڑا سویلن ایوارڈ دئیے جانے کا کیا مطلب ہے؟ اٹل بہاری واجپائی کو بھارت رتن دئیے جانے پر انہوں نے اپنا اعتراض جتایا اور کہا کہ بابری مسجد کی شہادت سے ایک دن قبل کیسے انہوں نے کارسیوکوں کو مسجد کی شہادت کے لئے اکسایا تھا ۔ کیا ایسا شخص ملک کے سب سے اعلیٰ ترین اعزاز کا مستحق ہوسکتا ہے ؟ ان کے اس اعتراضات پر قومی میڈیا میں آج کافی گرما گرمی دیکھی گئی ۔ پارلیمنٹ ہاؤز کے احاطہ میں اخباری نمائندوںنے بیرسٹر اویسی کو گھیر لیا اور ان پر سوالات کی بوچھار کردی۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ انہو ںنے جو کچھ کہا ہے کہ وہ بالکل حقیقت پسندانہ ہے ۔ اس پر کسی سمجھوتہ کی یا ترمیم کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ان کا یہ اعتراض پوری طرح انہیں دستور میں دی گئی آزادی اور حقوق کے تابع ہے ۔
Asaduddin Owaisi objects to conferring Bharat Ratna on Vajpayee, Padma Vibhushan on Advani
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں