شاملی تشدد - ایس پی رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-05

شاملی تشدد - ایس پی رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ

مظفر نگر(اتر پردیش)
پی ٹی آئی
حکمراں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ناہید حسن ان دو ہزار افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف ریلوے پروٹیکشن فورس(آر پی ایف) نے ریلوے کی املاک کو نقصان پہنچانے اور خدمات کو درہم برہم کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے ۔ یہ واقعہ ہفتہ کے دن پڑوسی ضلع شاملی کے کاندھلہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا ۔ دہلی، کاندھلہ ٹرین پر یکم مئی کو تبلیغی جماعت کے بعض ارکان پر مبینہ حملہ کے خلاف شاملی میں 2 مئی کو زبردست احتجاج کیا گیا تھا۔ہجوم نے ایک پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ بھی کرلیا تھا اور وہاں سنگباری کرتے ہوئے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔ اس تشدد میں16پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر آر پی ایف پی کے پانڈے نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ریلوے ایکٹ کی دفعہ174کے تحت 2ہزار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جب کہ 12افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ناہید حسن اور کاندھلہ نگر پنچایت کے حاجی بالو حسن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی تشدد پر اتر آئے تھے اور انہوں نے کاندھلہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین خدمات درہم برہم کردی تھیں اور ریلوے کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا ۔ اسی دوران تبلیغی جماعت کے ارکان پر حملہ کے پیش نظر دہلی، سہارنپور روٹ پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈی شیر پا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس واقعہ کے بعد سادہ لباس میں پولیس اور آر پی ایف کے عملہ کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اسی دوران جمعیۃ العلماء ہند کے ایک وفد نے سینئر ریلوے عہدیداروں سے ملاقات کی اور اس روٹ پر ٹرینوں میں مناسب سیکوریٹی انتظامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حملہ کیس میں ملوث عناصر کی بھی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ انہیں تیقن دیا گیا کہ ملزمین کو جلد گرفتار کرلیاجائے گا ۔ اس واقعہ نے ضلع میں کشیدگی پیدا کردی ہے ۔ مظفر نگر اور مغربی اتر پردیش کا ضلع شاملی ستمبر2013میں فرقہ وارانہ فسادات سے دہل گئے تھے جن میں زائد از60افراد ہلاک اور دیگر بے گھر ہوگئے تھے ۔

Communal violence in Shamli: SP MLA Nahid Hasan booked for damaging rail property

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں