عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کو دہلی خواتین کمیشن کا سمن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-05

عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کو دہلی خواتین کمیشن کا سمن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواش اور ان کی بیوی کو دہلی خواتین کمیشن نے سمن جاری کیا ہے ۔ خواتین کمیشن سے ایک خاتون رجوع ہوئی اور شکایت کی کہ اس کے اور وشواش کے ناجائز تعلقات سے متعلق جاری افواہوں سے اس کا وقار مجروح ہورہا ہے لہذا وشواس کو آکر اس کے وضاحت کرنی چاہئے ۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور پولیس کمشنر کو علیحدہ علیحدہ مکتوبات تحریر کرکے ان سے بھی یہی گزارش کی ہے۔ اس نے الزام عائد کیا کہ وشواس نے افواہوں کو غلط ثابت کرنے کے لئے کوئی ایکشن نہیں لیا جب کہ کجریوال نے اس کی شکایت کا کوئی نوٹ نہیں لیا ۔ دہلی خواتین کمیشن کی چیر مین برکھا سنگھ نے کہا کہ یہ وہی خاتون ہے جو گزشتہ کچھ عرصہ سے ہمارے پاس آتی رہی ہے۔ انہیں(وشواس) یہاں آنا چاہئے کیونکہ شکایت کنندہ ان ہی کی پارٹی رکن ہے ۔ اس نے الزام عائد کیا کہ ان کی وجہ سے ان کی شادی ٹوٹنے کے دہانے پر ہے ۔"عام آدمی پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کے رکن وشواس کو منگل کے روز کمیشن کے روبر و حاضر ہونے کو کہا گیا ہے ۔ پارٹی وشواس کے دفاع میں اتر آئی ہے ، جنہوں نے ماضی میں بھی خواتین کے خلاف اپنے نازیبا تبصروں کی وجہ سے تنازعہ پیدا کیا ہے۔ اے اے پی لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ الزام سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ اے اے پی کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ الزام کی کوئی بنیادہی نہیں ہے ۔ مہربانی کرکے ہمارے اہل خانہ کو بخش دیجئے ۔"وشواس نے اپنے ٹوئٹس کے ذریعہ میڈیا پر الزام عائد کیا ہے وہ بی جے پی کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے"وشواس نے کہا کہ الزامات جھوٹے اور بے بنیادہیں اور اپوزیشن کی جانب سے عام آدمی پارٹی کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ ہے ۔ اے اے پی لیڈر نے کہا کہ جھوٹ کے ذریعہ ہمیں بدنام کرنے کی اس طرح کوششوں سے ہم متاثر خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اب تک کوئی نوٹس نہیں ملی ہے ، وصول ہونے کے بعد اس کا مناسب جواب دیاجائے گا۔ دہلی بی جے پی لیڈر وجیندر گپتا نے کہا کہ وشواس اور دہلی کے وزیر اعلیٰ کو اس معاملے پر وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ وضاحت نہیں کررہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ کچھ تو گڑ بڑ ہے ۔ ہم اس خاتون کے ساتھ ہیں اور اس کی حمایت کریں گے ۔" کانگریس لیڈر اجئے ماکن نے کہا کہ یہ ایک سنگین شکایت ہے،جس پر غور کیاجانا چاہئے خاتون جس نے2014کے لوک سبھا الیکشن میں وشواس کے لئے امیٹھی میں مہم چلانے کا دعویٰ کیا ہے ، نے کہا کہ"محض اس الزام کے سبب میرے شوہر نے مجھے چھوڑ دیا ۔ میرے دو بچے ہیں ۔ میرا تعلق متوسط گھرانے سے ہے جہاں ان کا احساس ہے کہ چوں کہ کمار وشواس اے اے پی کے ترجمان اور معروف چہرہ ہیں، ہوسکتا ہے کہ دونوں کے درمیان کچھ ہو۔" میں وضاحت کرنے سے قاصر ہوں ، اسی لئے میں چاہتی ہوں کہ کمار وشواس اس مسئلے پر لب کشائی کریں لیکن وہ ایسا نہیں کررہے ہیں ، اسی لئے مجھے خواتین کمیشن سے رجوع ہونا پڑا۔"

Delhi Women's Commission summons Kumar Vishwas over complaint by female AAP worker

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں