گرمی کی لہر برقرار - آندھرا و تلنگانہ میں 774 اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-26

گرمی کی لہر برقرار - آندھرا و تلنگانہ میں 774 اموات

حیدرآباد
آئی اے این ایس
تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس میں پیر کے دن85سے زائد جانیں گئیں اور گزشتہ چھ دن میں یہ تعداد517ہوگئی ہے۔ دو تلگو ریاستوں میں گرمی کی شدید لہر سے کوئی راحت نہیں کیوں کہ درجہ حرارت اوسط سے تین تا چھ ڈگری زائد برقرار ہے ۔ دونوں ریاستوں کے عہدیداروں نے اتوار تک432اموات کی توثیق کی تھی ۔ آندھرا پردیش میں551اموات ہوئیں جب کہ تلنگانہ میں یہ تعداد 213رہی۔ اتوار کے دن دونوں ریاستوں میں102افراد نے دم توڑا ۔ غیر سرکاری ذرائع تاہم گزشتہ چھ دن میں یہ تعداد ایک ہزار بتاتے ہیں ۔حیدرآباد کے محکمہ موسمیات سنٹر کے بموجب پیر کے دن ہنمکنڈہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 46ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ رام گنڈم میں درجہ حرارت45ڈگری رہا۔ تلنگانہ کے بیشتر ٹاؤنس، بشمول دارالحکومت حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت42ڈگری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی مزید دو دن برقرار رہے گی ۔ ساحلی آندھرا پردیش بھی گرمی سے جھلس رہا ہے ۔ کاکیناڈا، مچھلی پٹنم اور تونی میں اعظم ترین درجہ حرارت 47 ڈگری درج ہوا ۔ ساحل اضلاع کرشنا، پرکاشم، گنٹور اور نیلو پر گرمی کی شدید مار پڑرہی ہے ۔ ان4اضلاع میں ہی سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی اس لہر کی وجہ راجستھان سے چلنے والی گرم ہوائیں بتائی ہیں۔ عمر رسیدہ لوگ ، مزدور، رکشا راں، گدا گر اور گلیوں میں رہنے والے لوگ گرمی کی لہر سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ گرمی کی لہر نے تلنگانہ کے10اضلاع اور آندھرا پردیش کے جنوبی ساحلی علاقہ میں گزشتہ ایک ہفتہ سے عام زندگی کو متاثر کیا ہے ۔ تلنگانہ اور ساحلی آندھرا کے ٹاؤنس سنسان دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ لوگ دھوپ کی مار سے بچنے کے لئے گھروں کے اندر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ حیدرآباد کی عام طور پر مصروف رہنے والی سڑکوں پر ٹریفک کم دکھائی دے رہے ہیں ۔ طبی عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود لو لگنے سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کریں ۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں اور ضروری ہو تو باہر نکلیں اور وہ بھی پوری احتیاط کے ساتھ ۔ عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی ، پھلوں کے شربت اور ناریل پانی کا استعمال کریں ۔

Over 750 Killed in Heat Wave; Telangana, Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں