لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ اور وزیراعلیٰ کجریوال میں رسہ کشی تیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-19

لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ اور وزیراعلیٰ کجریوال میں رسہ کشی تیز

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کے ایک اعلیٰ بیورو کریٹ نے آج اپنا دفتر مقفل پایا اور دوسرے کے تقرر کو غلط قرار دیا گیا کیونکہ چیف منسٹر اروند کجریوال اور لیفٹنینٹ گورنرنجیب جنگ کے درمیان زور آزمائی نچلی سطح پر آچکی ہے۔ دونوں میں کوئی بھی اپنی تلخ لڑائی میں ڈھیل دینے کو تیار نہیں ہیں ۔ دن کی شروعات میں عام آدمی پارٹی نظم و نسق نے پرنسپل سکریٹری(سرویسس) انندو مجمدار کا دفتر مقفل کردیا اور کجریوال کے قریبی سینئر بیورو کریٹ راجمدر کمار کا ان کی جگہ تقرر کردیا ۔ مجمدار نے جمعہ کو شکنتلا گیملن کو عبوری چیف سکریٹری مقرر کرنے کے احکام جاری کئے تھے۔ راجندر کمار کے تقرر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نجیب جنگ نے کجریوال کو مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ مجمدار کی جگہ کمار کا تقر ر نہیں چلے گا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سینئر بیوروکریٹس کے تقررات اور تبادلوں میں قطعی اتھاریٹی وہ(نجیب جنگ) ہیں۔ یہ مکتوب میڈیا کو پہنچ گیا اس پر ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے ٹوئٹ کیا کہ حیرت کی بات ہے کہ ایک دستوری اتھاریٹی ڈپٹی چیف منسٹر کے نام مکتوب پہنچے سے قبل افشا کررہی ہے ۔ کیا دستور ہند اس کی اجازت دیتا ہے ؟ قبل ازیں صبح مجمدار نے دہلی سکریٹریٹ میں اپنا دفتر مقفل پایا۔ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر کو مقفل کرنے کی ہدایت چیف منسٹر کے دفتر سے ملی تھی ۔کجریوال نے مجمدار کو ہفتہ کے دن ہٹا دیا تھا ۔ مجمدار نے نجیب جنگ کی ہدایت پر گیملن کو تقرر نامہ جاری کیا تھا ۔ لیفٹنینٹ گورنر نے اسی شام کہا تھا کہ مجمدار کا تبادلہ نہیں چلے گا کیونکہ اسے لیفٹنینٹ گورنر کی منظوری حاصل نہیں ہے ۔ کجریوال کے نام مکتوب میں نجیب جنگ نے کہا کہ وہ کمار کا تقرر مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ مروجہ قواعد و ضوابط کے خلاف ہے ۔ کجریوال نے کل گیملن پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ11ہزار کروڑ روپے کے قرض کے ذریعہ ریلائنس انفرا کی ملکیتی2ڈسکامس کی تائید کررہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی حکومت چاہتی ہے کہ عام آدمی پارٹی حکومت ناکام ہوجائے ۔ گیملین کے بحیثیت کار گزار چیف سکریٹری تقرر کے بعد بر سر اقتدار عام آدمی پارٹی اور نجیب جنگ کے درمیان ٹکراؤ باقاعدہ جنگ میں تبدیل ہوگیا تھا ۔ کجریوال نے الزام عائد کیا تھا کہ لیفٹنینٹ گورنر، دہلی نظم و نسق کو اپنے کنٹرول میں لینا چاہتے ہیں۔ کجریوال کی پرزور مخالفت کے باوجود نجیب جنگ نے گملین کا جمعہ کے دن تقرر کردیا۔ ہفتہ کے دن چیف منسٹر نے گملین سے کہا کہ وہ عہدہ کا جائزہ حاصل نہ کریں لیکن گملین نے ان کی یہ ہدایت نظر انداز کردی اور لیفٹنینٹ گورنر کے حکم پر عمل کیا۔ اسی دوران کار گزار چیف سکریٹری گملین نے دوپہر میں مرکزی معتمد داخلہ ایل سی گوئل سے ملاقات کی ۔ دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی اور جوائنٹ سکریٹری(مرکزی زیر انتظام علاقہ) وزارت داخلہ راکیش سنگھ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

Arvind Kejriwal In Turf War With Lieutenant Governor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں