بے رحمانہ جنسی حملہ کا شکار ارونا شانباگ 42 سال کوما میں رہنے کے بعد فوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-19

بے رحمانہ جنسی حملہ کا شکار ارونا شانباگ 42 سال کوما میں رہنے کے بعد فوت

Aruna-Shanbaug-dies-after-42-years-in-coma
نئی دہلی
پی ٹی آئی
بے رحمانی جنسی حملہ کے بعد تقریباً42سال سے بے حس و حرکت زندگی رکھنے والی سابق نرس ارونا شانباگ کا آج دیہانت ہوگیا ۔6سالہ ارونا سب سے زیادہ طویل عرصہ تک کوما میں رہنے والے مریضوں میں سے ایک تھی ۔ اسے گزشتہ ہفتہ شدید نمونیہ سے متاثر ہونے کے بعد آئی سی یو میں معاون حیات آلہ(وینٹی لیٹر) پر رکھا گیا تھا ۔ ارونا کیم ہسپتال میں نرس کی حیثیت سے کام کرتی تھی جب کہ27نومبر1973کو اس پر ایک وارڈ بوائے سوہن لال نے جنسی حملہ کیا۔ عصمت ریزی کے بعد اس نے کتا باندھنے کی زنجیر سے اس کا گلا گھونٹ دیا تھا جس کے نتیجہ میں دماغ کو آکسیجن نہ پہنچنے کی وجہ سے وہ بے جان ہوگئی اور تب سے ہی اس کی زندگی بے کار ہوکر رہ گئی تھی ۔ ان تمام برسوں میں ہسپتال کی نرسوں نے اس کی خوراک اور دیگر حاجتوں کا خیال رکھا ۔ بے رحمانہ حملہ کے تقریبا38سال بعد سپریم کورٹ نے24جنوری2011کو ایک صحافی پنکی ویرانی کی جانب سے دائر کردہ درخواست برائے رحم کی موت پر رد عمل دیتے ہوئے اس کی حالت کا جائزہ لینے ایک طبی پیانل قائم کیا تھا ۔ ویرانی نے ارونا کو رحم کی موت کی اجازت دینے کی سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی ۔ عدالت نے7مارچ2011کو یہ درخواست رد کردی تاہم مستقل ناکارہ زندگی گزارنے والے افراد کے معاون حیات آلات بتدریج ہٹاتے ہوئے اسے آہستگی سے موت سے ہمکنار کرنے کی اجازت دے دی تھی لیکن فی الفور کوئی مہلک شئے جسم میں داخل کرتے ہوئے موت سے دوچار کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ عدالت نے بتدریج موت سے ہمکنار کرنے کی اجازت کے لئے بھی کافی سخت رہنمایانہ ہدایات مقرر کیں ۔ ارونا کی موت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ویرانی نے کہا کہ ارونا کو بالآخر ان دکھ بھرے برسوں کے بعد انصاف مل گیا۔ وہ پرسکون ہوگئیں ۔ ارونا نے ہندوستان کو تاریخی رحم کی موت کے قانون کا تحفہ دیا ہے ۔
اس دوران آج شام ارونا کی آخری رسومات انجام دی گئیں ۔ اس موقع پر نرسوں کے بشمول سینکڑوں افراد موجود تھے جنہوں نے انہیں بادیدہ نم وداع کیا ۔ کنگ ایڈورڈ میموریل ہاسپٹل کی نرسس، رشتہ داروں کے بجائے خود آخری رسومات انجام دینے کے لئے اصرار کررہی تھیں لیکن ایک مفاہمت کے تحت نرسس ، ہاسپٹل کے دوسرے اسٹاف اور ارونا کے دوسرے رشتہ داروں نے مل کر آخری رسومات انجام دیں ۔

Aruna Shanbaug is finally at peace after 42 years in coma

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں