مرکز کجریوال جنگ - ہائی کورٹ کا چیف منسٹر دہلی کے حق میں فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-26

مرکز کجریوال جنگ - ہائی کورٹ کا چیف منسٹر دہلی کے حق میں فیصلہ

نئی دہلی
ایجنسیاں
مرکز کے ساتھ تنازعہ کے درمیان آج دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کو عدالت میں بڑی کامیابی نصیب ہوئی جب کہ دہلی ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ دہلی کی انسداد بد عنوانی اکائی کجریوال کے احکاامت پر عمل آوری کا کام کریں ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ وزراء کی کونسل کے مشورہ کے مطابق کام کرنے کے مجاز ہیں ۔ کجریوال نے ٹویٹ کر کے اس فیصلہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا آج کا ہائی کورٹ کا فیصلہ مرکزی حکومت کے لئے بڑی ہزیمت والا فیصلہ ہے پچھلے ہفتہ مرکز نے کہا تھا کہ ان کے عہدیداران کی جانچ دہلی انسداد بد عنوانی نہیں کرسکتا کیونکہ زمینات، دہلی پولیس اور اعلیٰ بیورو کریٹس کے تقررات جیسے معاملات میں مداخلت کے اسے اختیارات نہیں ہیں ۔ مرکز نے یہ بھی کہا کہ لفٹننٹ گورنر جو مرکز کے نمائندہ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں ان کے لئے ضروری نہیں ہے کہ وہ ان معاملات میں کجریوال کے احکامات پر عمل آوری کرے ۔ کجریوال نے مرکز کے اس اقدام کو فریب اور بد عنوان افسران کو پناہ فراہم کرنے کی کوشش سے تعبیر کیا تھا۔ کجریوال اور لفٹننٹ گورنر کے درمیان جنگ اختیارات کی تقسیم تھی کیونکہ دہلی ایک مرکز کا زیر انصرام علاقہ ہے اور اسے مکمل ریاست کا درجہ حاصل نہیں ہے اور فروری میں بھاری اکثریت سے کامیاب کجریوال اس میں تبدیلی کے خواہاں ہیں ۔ آج بھی ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے انہوں نے ایک کھلے پارک میں اپنے وزراء کی میٹنگ طلب کی اور اس میں عام آدمی سے شرکت کی درخواست کی تھی ۔ اس سے قبل دہلی وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے پیر کے دن نریندر مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے شہری منتخب حکومت کے اختیارات کے تئیں احکام جاری کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے اسٹاف کے خلاف تحقیقات کرنے والی دہلی کی انسداد رشوت برانچ( اے سی بی) کے اختیارات کو سلب کرلیا ۔ کجریوال نے ایک ریالی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں اپنے49یومی اقتدار کے دوران عاپ حکومت نے رشوت خوری میں ملوث دولتمند افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور جیسے ہی ہمارا اقتدار ختم ہوا ، مرکزی حکومت کی جانب سے یہ اعلامیہ جاری ہوا کہ مرکزی حکومت کے ملازمین کی تحقیقات کے لئے اے سی بی مختار و مجاز نہیں ۔ دریں اثناء یکم جون کو دہلی کے بلدی اداروں کی کمشنروں اور ملازمین یونینوں سے اروند کجریوال ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسئلہ کو حل کیاجاسکے ۔ ایم سی ڈی یونینوں کے جوائنٹ فرنٹ کے بینر تلے دہلی کی شمالی ، مشرقی اور جنوبی میونسپل کارپوریشنوں کی ملازمین یونینوں کے نمائندوں اور اروند کجریوال کے درمیان پیر کے دن ہوئی ملاقات کے بعد یہ اعلان منظر عام پر آیا۔

Delhi high court ruling backs AAP govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں