ہاشم پورہ معاملے میں اترپردیش حکومت مضبوط پیروی کرے گی - اکھلیش یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-05

ہاشم پورہ معاملے میں اترپردیش حکومت مضبوط پیروی کرے گی - اکھلیش یادو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ ان کی حکومت مریٹھ کے ہاشم پورہ معاملے پر دہلی کی تیس ہزاری عدالت کے فیصلے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور اس کی مضبوطی سے پیروی کرنے کی تیاری میں ہے ۔ انہوںنے ریاست کی سماج وادی پارٹی حکومت کی کامیابیاں گناتے ہوئے کئی مسائل پر مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ بی جے پی وعدوں پر عمل نہیں کرتی یہ عوام خوب جان چکے ہیں ۔ مسٹر یادو آج یہاں کھرکھودا میں ہاپوڑ روڈ پر واقع گاؤں لالپور ، میں ملائم سنگھ یادو میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی چین جیسے ملک سے بھی آگے بڑھنے کی بات کہتے ہیں لیکن وہ جو کہتے ہیں اس کو کرتے نہیں۔ تحویل اراضی بل کو لے کر بھی انہوں نے مرکزی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ریاست کے مسائل کو لے کر مرکزی حکومت اور ریاست سے بی جے پی کے 72ممبران پارلیمنٹ کچھ نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے بے موسم بارش اور ژالہ باری سے فصلوں کو بھاری نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے معاوضے کے لئے بھی تمام ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایات دی گئی ہیں ساتھ ہی کسانوںاقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے ان کی حکومت کوشش کررہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج گاؤں لالپور میں پہنچنے کے بعد106کروڑ سے زیادہ کے قریب 60کاموں اور مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح بھی کیا۔
دریں اثنا میرٹھ سے ایس این بی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کھرکھودا میں ہاپوڑ روڈ پر واقع گاؤں لالپور میں جلسے کی صدارت کرنے والے پارلیمانی امور اور شہری ترقی کے وزیر اعظم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں ہورہے ترقیاتی کاموں سے فرقہ وارانہ طاقتیں بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیکل کالج اور یونیورسٹیوں سے غریب بچوں کو ڈاکٹر اور انجینئر بنانا چاہتے ہیں لیکن فرقہ پرست طاقتیں اس سے خفا ہوکر ہمیں جیلوں میں ڈالنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بادشاہ نے اعلان کیا تھا کہ میں سو دن کے اندر ہر شخص کو لاکھ پتی بنا دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بادشاہ جھوٹا نہیں ہوتا ہے اور جو جھوٹا ہوتا ہے وہ بادشاہ نہیں ہوتا ہے ۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ کی آمد پر سیکوریٹی انتظامات سخت کئے گئے تھے۔

Will pursue cause of Hashimpura victims, says UP CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں