اعتماد نیوز
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کوہدایت دی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد میں جو دو لاکھ خاندان بے گھر ہیں ان کو مکانات کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں ۔ ان مکانات کی تعمیرکے لئے دو ہزار ایکڑ اراضی کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ کیمپ آفس پر چیف منسٹر نے آج شہرحیدرآباد میں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کا تقریباً4گھنٹے تک جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری راجیو شرما ، رینو پرنسپال سکریٹری مسٹر مینا ، اسپیشل آفیسر اور کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار ، سی ایم او پرنسپال سکریٹری نرسنگ راؤ ، چیف سٹی پلائنر دیویندر ریڈی ،کمشنر پولیس حیدرآباد ریڈی کمشنر پولیس سائبرآباد سی وی آنند اور دوسروں نے شرکت کی ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ حالیہ عرصہ میں جو جامع گھریلو سروے کیا گیا ہے اس سے پتہ چلا ہے کہ دو لاکھ غریب خاندان ایسے ہیں جن کے پاس مکانات نہیں ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کے بعد ان کے الاٹمنٹ میں کسی بھی قسم کی دھاندلیاں یا بدعنوانیاں نہیں ہونی چاہئے۔ حکومت استفادہ کنندگان سے متعلق انٹلی جنس سے تفصیلات معلوم کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کا نشانہ ہے کہ حیدرآباد میں ایک بھی خاندان بے گھر نہ رہے ، مکانات کی تعمیر کے لئے فنڈس کی کمی نہیں ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت ایک جانب متمول طبقہ کے لئے شہر میں پارکس اورتفریحی مقامات تعمیر کررہی ہے جس کے لئے ہزاروں ایکڑ اراضی کا استعمال کیاجارہا ہے تو غریبوں کو چھت فراہم کرنے کے لئے بھی اراضی کا استعمال کوئی غلط بات نہیں ہے ۔ مختلف سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں ، یونیورسٹیز ، صنعتوں اور کارپوریٹ اداروں کو بھی ہزاروں ایکڑ اراضیات الاٹ کی جاتی ہیں ۔ اسی طرح غریبوں کے ہاؤزنگ پروگرام کے لئے اگر اراضی الاٹ کرنا پڑے تو بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ حکومت2ہزار ایکڑ پر مکمل سرکاری خرچ سے ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر کروائے گی جن میں ڈبل بیڈوروم کے مکانات بنائے جائیں گے ۔ سابق میں شہر سے دور غریبوں کو مکانات تعمیر کرتے ہوئے الاٹک ئے جاتے تھے لیکن چیف منسٹر نے اب عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ اگر اراضی جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز میں بھی دستیاب ہے تو وہاں بھی مکانات تعمیر کئے جائیں ۔ چیف منسٹرنے کہا کہ بے گھر اور بے زمین افراد کو چھت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اراضی فراہم کرنے کی ذمہ داری وہ محکمہ ریونیو کو دے رہے ہیں جب کہ مکانات کی تعمیر جی ایچ ایم سی کے ذریعہ کی جائے گی ۔ مرحلہ وار اساس پر مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت ایک لاکھ15ہزار کروڑ روپے کا مجموعی بجٹ رکھتی ہے اگر اس بجٹ میں سے اضافہ فنڈس بھی درکار ہں گے تو حکومت فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک مثبت سوچ کے ساتھ ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی ۔
Telangana government to build two lakh houses for shelterless in Hyderabad
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں