خود کشی کرنے والے کسان بزدل - ہریانہ وزیر زراعت کا متنازعہ تبصرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-30

خود کشی کرنے والے کسان بزدل - ہریانہ وزیر زراعت کا متنازعہ تبصرہ

چنڈی گڑھ
پی ٹی آئی
ہریانہ کے وزیر زراعت اوپی دھنکر نے اپنے بے حس تبصرہ سے ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خودکشی کرنے والے کسان بزدل اور مجرم ہیں ۔ ان کے اس تبصرہ پر اپوزیشن نے سخت تنقید کی اور راہول گاندھی نے آج پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ دھنکر نے جو قبل ازیں بی جے پی کے کسان سیل کے سربراہ تھے ، کل کہا تھا کہ ہندوستان قانون کے مطابق خود کشی کرنا جرم ہے ۔ جو شخص خود کشی کرتا ہے وہ اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کرتا ہے اور اپنا بوجھ اپنی بیوی بچوں پر منتقل کرتا ہے ۔ ایسے لوگ بزدل ہوتے ہیں ۔ خود کشی کرنے والے کسانوں کے ورثاء کو معاوضہ سے متعلق سوال پر وزیر موصوف نے کہا حکومت جیسا ادارہ بزدلوں کا ساتھ نہیں دے سکتا اور مجرموں کی تائید نہیں کرسکتا ۔ کانگریس نے ریاستی وزیر کے بے حسی پر مبنی تبصرہ پر تنقید کی اور انہیں بر طرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس مسئلہ کی گونج پارلیمنٹ میں بھی سنائی دی اور کانگریس کے نائب صدر نے اس کا حوالہ دیتے ہوئے حکمراں بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا۔راہول گاندھی نے لوک سبھا میں کہا ہریانہ میں آپ کے وزیر اب یہ کہہ رہے ہیں کہ خود کشی کرنے والے کسان بزدل ہوتے ہیں۔ جب ان کی فصلیں ژالہ باری سے متاثر ہوئیں تو آپ نے ان کی مدد نہیں کی ۔ کسانوں نے اس کا بوجھ اٹھایا ۔ آپ نے ان کا بونس ختم کردیا ۔ کسانوں نے اسے بھی برداشت کرلیا ۔ آپ نے انہیں کھاد نہیں دی، ان پر لاٹھی چارج کیا گیالیکن انہوں نے اسے برداشت کرلیا اور اب ان کی پیداوار منڈیوں میں پڑی ہوئی ہے۔ ہریانہ کانگری کے صدر اشوک تنور نے منوہر لال کھتر کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا اس تبصرہ سے کسانوں کے تئیں بی جے پی حکومت کے بے حس رویہ کی عکاسی ہوتی ہے ۔ کیا کھتر حکومت اب خواب خرگوش سے جاگے گی یا پھر مزید کسانوں کی خود کشی کا انتظار کرے گی ۔ اس ہنگامہ کے باوجود دھنکر نے آج اپنے تبصرہ کا دفاع کیا اور کہا کہ کسانوں کی خود کشی کے واقعات کے مسئلہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیاجارہا ہے اور یہ سیاسی محرکات پر مبنی ہے ۔ انہوں نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی ریالی میں ایک کسان گجیندر سنگھ کی خود کشی کے واقعہ کا بھی حوالہ دیا۔ تنور نے دھنکر کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسان بزدل نہیں ہوتا بلکہ حکومت میں بیٹھے ہوئے لوگ اور اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار کرنے والے سب سے بڑے بزدل ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسان جو ملک کا ان داتا ہوتا ہے اور جس کے بچے ہماری سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ، بہادر ہوتے ہیں ۔ بہر حال دھنکر نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے اپنے تبصرہ پر کسی پچھتاوے کااظہار نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا میں اپنے سابقہ بیان پر قائم ہوں ۔ دھنکر نے کہا خود کشی ، کودکشی کہتے ہوئے ڈراما رچایا جارہا ہے ۔ میں کسانوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہوں ۔ میں گزشتہ دس سال سے کسانوں کے ساتھ کام کررہا ہوں ۔ فصلیں تباہ ہوتی ہیں لیکن خود کشی کرنا اس کا حل نہیں ۔ ایسی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں کہ ہم دوبارہ صفر سے اپناکام شروع کرسکیں ۔ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں، دہلی میں ایک ڈرامہ رچایا گیا تھا جسے سب نے دیکھا ۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے ۔"

'Farmers Who Commit Suicide Are Cowards': Haryana Minister OP Dhankar Justifies Shocker

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں