آندھرا پردیش انڈسٹری مشن کا افتتاح - صنعتی پالیسی کا اجراء - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-30

آندھرا پردیش انڈسٹری مشن کا افتتاح - صنعتی پالیسی کا اجراء

وشاکھا پٹنم
یو این آئی
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیدو نے آج انڈسٹری مشن کا افتتاح کرتے ہوئے2015-2020کی صنعتی ترقیاتی پالیسی کا رسم اجراء عمل میں لایا ۔ اس موقع پر صنعتکاروں کی ایک کہکشاں موجود تھی جب کہ بندرگاہی شہر وشاکھا پٹنم میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ نیو انڈسٹری مشن کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اس مشن کے آغاز کے ساتھ ساتھ47یادداشت ہائے مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔ انڈسٹری مشن کا مقصد ریاست کو2050تک سرمایہ کاری کی بہترین منزل میں تبدیل کردینا ہے ۔ تقریب میں ریاست کی نئی صنعتی پالیسی کی بھی نقاب کشائی انجام دی گئی ۔ ذیلی شعبوں کی پالیسیاں بھی جاری کی گئیں جن میں صنعتی پراجکٹس کی 21دن میں منظوری کے لئے سنگل ڈیسک پورٹل بھی شامل ہے ۔ انڈسٹری مشن،مرکزی حکومت کی شروع کردہ میک ان انڈیا پہل میں اہم رول ادا کرنے کے لئے شروع کیاگیا ہے ۔ ریاستی حکومت سمجھتی ہے کہ میک ان انڈیا اور انڈسٹری مشن کے ذریعہ ملک کے ساتھ ساتھ ریاست کی معیشت کو بھی ایک نئی طاقت حاصل ہوگی ۔ ریاستی حکومت نے اس موقع پر ہندوستان، جاپان،متحدہ عرب امارات اور کینیدا کے علاوہ دیگر ممالک کی47کمپنیوں کے ساتھ47یادداشت ہائے مفاہمت پر دستخط کئے جن کے ذریعہ ریاست میں زائد از37ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی ۔ یادداشت ہائے مفاہمت کے ذریعہ پٹروکیمیکلز، انرجی، انفراسٹر کچر ، الکٹرانکس ، مینو فیکچرنگ ،فوڈ پراسیسنگ ، ٹکسٹائلز ، آٹو موبائلس اور دیگر شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری ہوگی اور اس کے ذریعہ اسٹیٹ انڈسٹری مشن کے تحت73ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ایشین پینٹس کو وشاکھا پٹنم پلانٹ کے لئے ، او این جی سی کو کا کاکیناڈا فیسیلٹی کے لئے، کربکو کونیلور پلانٹ کے لئے اور کرل آن کو چتور پلانٹ کے لئے اراضی الاٹمنٹ کے مکتوبات حوالے کیے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ بندرگاہ شہر وشاکھا پٹنم ، مالیاتی و تجارتی دارالحکومت ہوگا جب کہ تروپتی ریاست کا روحانی دارالحکومت کہلائے گا ۔ امراوتی ریاست کی راجدھانی ہوگی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اے پی میں بڑے پیمانے پر قدرتی وسائل پائے جاتے ہیں ۔ صنعتکار ، ان کا بھرپور استعمال کریں اور نا صرف اپنی بلکہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چتور کے سری سٹی خصوصی معاشی زون میں سرمایہ کاری کے لئے15ممالک کے صنعتکار آگے آچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت امراوتی کے اطراف220کلو میٹر طویل رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی اور نیا دارالحکومت وجئے واڑہ کے قریب اضلاع گنٹور اور کرشنا کے درمیان دریائے کرشنا کے دونوں جانب پھیلا ہوا ہوگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے صنعتکاروں کی موجودگی میں انڈسٹری مشن دستاویزات بھی جاری کیے۔ دنیا بھر کے صنعتکاروں کی ایک کہکشاں سے خطاب کرتے ہوئے جو تقریب میں شرکت اور چیف منسٹر کے ساتھ بات چیت کے ایک سیشن میں شرکت کے لئے پہنچے تھے ، چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ان کی ریاست کام کا بہترین ماحول فراہم کرتی ہے ، جہاں بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں ۔ انہوں نے صنعتکاروں کے سامنے آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے فائدے بھی واضح کیے ۔ انہوں نے کہا کہ وشاکھا پٹنم ایک مثبت صنعتی ماحول فراہم کرتا ہے جہاں کوئی صنعتی ماحول فراہم کرتا ہے جہاں کوئی صنعتی تنازعے موجود نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے شہری تعلیم یافتہ ہیں اور کسی کو یہاں پر دھوکہ کھانے کا خوف نہیں ہوسکتا ۔ یہاں کا موسم انتہائی خوشگوار ہے اور کسی بھی موسم میں شدت نہیں پائی جاتی ۔ انہوں نے شمالی آندھرا کی خوبصورتی کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا۔

AP launches Industry Mission 2015-20, targets Rs 12.5 lakh cr

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں