وزیر اعظم کسانوں سے ملاقات کریں - کاشت کار بھی میک ان انڈیا مہم کا حصہ - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-30

وزیر اعظم کسانوں سے ملاقات کریں - کاشت کار بھی میک ان انڈیا مہم کا حصہ - راہل گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے جو حکومت کو نشانہ بنانے کے لئے کسانوں کا مسئلہ اٹھائے ہوئے ہیں ، آج وزیر اعظم نریندر مودی پر ان کے آئے دن کے بیرونی دوروں کے لئے تنقید کی اور کہا کہ وزیر اعظم پہلے ہندوستان کے کسانوں سے بات چیت کریں ۔ کانگریس کے نائب صدر نے جو پنجاب میں پریشان حال کسانوں سے ملاقات کر کے لوٹے ہیں ، لوک سبھا میں کہا کہ منڈیوں میں کسان رو رہے ہیں ۔ ہمارے ملک کے وزیر اعظم فی الحال ہندوستان کے دورہ پر ہیں ۔ وہ چند دن کے لئے یہاں آئے ہوئے ہیں ۔ انہیں چاہئے کہ وہ کچھ دیر کے لئے پنجاب جائیں اور وہاں کے کسانوں سے بات چیت کریں ۔ منڈیوں میں ان سے ملاقات کریں۔ راہول گاندھی کے اس طنز پر بی جے پی ارکان نے احتجاج کیا ۔ بی جے پی ارکان کے احتجاج کے بیچ راہول گاندھی نے وزیر اعظم کی میک ان انڈیا پہل پر طنز کیا اور سوال کیا کہ کیا کسان پورے ملک کو غذا فراہم کرتے ہوئے میک ان انڈیا میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ کانگریس قائد نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسانوں کی فصل نہیں خرید رہی ہے ۔ وزیر اغذیہ رام ولاس پاسوان نے اس کی تردید کی اور کہا کہ کانگریس قائد انگلی کٹا کر شہید بننے کی کوشش کررہے ہیں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے چہار شنبہ کے روز لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب کے کسانوں سے ملاقات کرنی چاہئے ۔ لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران اس مسئلے کو اٹھاتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کل میں پنجاب گی اتھا اور منڈیون میں کسانوں سے ملاقات کی ۔ کسان رو رہے تھے اور ہریانہ کے وزیر زراعت کہتے ہیں کہ خود کشی کرنے والے بزدل ہوتے ہیں۔ انہوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی ہے میک ان انڈیا ، یہ ہماری حکومت ہے، آپ کی حکومت ہے لیکن کسانوں کی حکومت نہیں ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم فی الحال ہندوستان کے دورہ پر ہیں انہیں پنجاب کا دورہ کرنا چاہئے ۔ انہیں پتہ چلے گا کہ کیا ہورہا ہے ۔ کسان جو گیہوں پیدا کرتے ہیں وہ بھی میک ان انڈیا ہی ہے۔ راہول کے اس حملے پر ایوان زیریں میں ہنگامہ ہوا اور حکمراں اتحاد کے ارکان نے اس تبصرہ پر احتجاج کیا ۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے کانگریس قائد کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم وہ کام کررہے ہیں جو آپ نے ملک کے لئے نہیں کیا۔ شوروغل کے بعد ایوان کو مختصر وقفہ کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔

PM on his tour should go to Punjab to see plight of farmers, Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں