کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈس فراہم کیے جائیں گے - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-08

کشمیر کے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈس فراہم کیے جائیں گے - وزیر اعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کو تیقن دیا کہ مرکز ، ریاست میں سیلاب متاثرہ عوام کے لئے فنڈس کی فراہمی اور عوامی انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں مکمل مدد کرے گا ۔ مودی کی مفتی سعید سے30 منٹ طویل ملاقات میں یہ تیقن دیا گیا ۔ انہوںنے دیگر کئی مسائل بشمول ریاست میں پی ڈی پی، بی جے پی مخلوط حکومت کے مشترکہ اقل ترینی پروگرام کو روبہ عمل لانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مرکزنے سابق عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے روانہ کردہ کابینی تجویز پر ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اس تجویز میں سیلاب متاثرین کی راحت و باز آباد کاری کے لئے 44ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مودی اور سعید نے ریاست میں مجموعی سیاسی و ترقیاتی صورت حال کا بھی جائزہ لیا ۔ یہ ملاقات مرکزی کابینہ میں امکانی توسیع اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو اس میں شامل کےے جانے کی قیاس آرائیوں کے دوران ہوئی ہے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تاکہ انہیں ریاست کی صورتحال سے واقف کراسکیں ۔ مفتی سعید کے یکم مارچ کو چیف منسٹر بننے کے بعد سے یہ ان کی وزیر اعظم سے پہلی ملاقات ہے۔ یہ ملاقات ان اطلاعات کے پس منظر میں ہوئی ہے کہ کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور ان کی پارٹی پی ڈی پی کو اس میں جگہ دی جاسکتی ہے ۔ اس کے بعد مفتی محمد سعید نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی ۔ وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران مفتی سعید نے انہیں ریاست میں نظم و ضبط کی صورت حال بالخصوص پولیس فورس پر حالیہ حملوں کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ یاد رہے کہ ضلع شوپیان میں لشکر طیبہ کے مشتبہ دہشت گردوں نے کل تین پولیس ملازمین کو ہلاک کردیا۔ مفتی سعید جو کل رات یہاں پہنچے، تمام اہم کیابینی وزرا سے ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ جموں و کشمیر کی ترقی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرسکین۔
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر جموں و کشمیر کے ساتھ اپنی بات چیت اچھی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے اچھی ملاقات رہی ، ہم نے ریاست کی ترقی سے متعلق کئی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مفتی سعید نے کہا کہ انہوں نے وسیع تر مسائل بشمول ریاست کی سیاسی صورتحال اور مشترکہ اقل ترین پروگرام پر عمل آوری کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ اس کے بعد وزیر داخلہ سے میری ملاقات ہوئی۔ ہم نے موجودہ سیاسی صورت حال، بحالی امن کے عمل، کرپشن کے خلاف کارروائی ، ریاست کی ترقی اور سیلاب کی صورتحال پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشترکہ اقل ترین پروگرام پر عمل آوری کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ جموں و کشمیر کے عوام نے ہمیں بھاری ذمہ داری دی ہے ۔ ہم جموں و کشمیر کو دوبارہ امن کا جزیرہ بنانا چاہتے ہیں ۔

PM Modi assures Centre's support to J&K flood victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں