نیپال طاقتور زلزلہ سے دہل گیا - 1500 سے زائد ہلاکتیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

نیپال طاقتور زلزلہ سے دہل گیا - 1500 سے زائد ہلاکتیں

کھٹمنڈو/ نئی دہلی
آئی اے این ایس
نیپال آج ،7۔9شدت کے زلزلہ سے دہل گیا ۔ 20سکنڈ تک جاری رہنے والے زلزلہ نے کم از کم1500افراد کی جانیں لے لیں۔اس کے جھٹکے ہندوستان کے علاوہ کئی دیگر ممالک میں بھی محسوس کئے گئے ۔ مابعد زلزلہ جھٹکوں سے بھی جانی اور مالی نقصا ن ہوا۔ نیپال میں عمارتیں تاش کے پتوں کی طرح ڈھیر ہوگئیں اور سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ ٹیلی فون خدمات بھی متاثر ہوئیں اور ہاسپٹلس میں زخمیوں کی تعداد لمحہ بہ لمحہ بڑھتی چلی گئیں جنہیں ملبوں کے ڈھیر سے نکالا گیا ۔ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق زلزلہ دن کے11:41بجے آیا ۔ زلزلہ کا مبدا نیپال کے لامجنگ ضلع میں تھا جو دارالحکومت کھٹمنڈو سے75کلو میٹر کے فاصلہ پر شمال مغرب میں واقع ہے ۔ زلزلہ کے بعد کم از کم15جھٹکے بھی محسوس کئے گئے۔نیپالی وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار لکشمی پرساد دھکال نے بتایا کہ کم از کم1500افراد ہلاک ہوئے ۔ ہندوستانی معتمد داخلہ ایل سی گوئل نے میڈیا کو بتایا کہ ہندوستان میں 36افراد ہلاک ہوگئے۔ بہار میں23,مغربی بنگال میںتین اور اتر پردیش میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ ہندوستان میں سری نگر تا کچی اور جئے پو ر تا گوہاٹی جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ کھٹمندو عالمی سیاحوں کی ایک دلکش منزل ہے جہاں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ۔ حواس باختہ عوام حیرت اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار رہے اور عمارتوں کو ملبوں کے ڈھیر میں تبدیل ہوتے دیکھتے رہے۔ دھرارا میں19ویں صدی کا9منزلہ ایک مینار بھی منہدم ہوگیا ۔ نیپال کے قصر شاہی کی چاروں جانب کی دیواریں مکمل طور پر محفوظ رہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ مشہور پشوپتی ناتھ مندر کو بھی کوئی کاص نقصان نہیں پہنچا ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ میں8افراد ہلاک ہوگئے۔ زلزلہ کے بعد برفیلے طوفان اور تودوں کے کھسکنے کے نتیجہ میں یہ ہلاکتیں ہوئیں ۔ زمین ہلنے لگی اور بد حواسی کے عالم میں لوگ دفتروں اور گھروں سے باہر نکل پڑے ۔ آئی اے این ایس کے ایک نامہ نگار انیل گری نے بتایا کہ کھٹمنڈو میں کم از کم ایک ہزار عمارتیں تباہ ہوگئیں ۔ جن میں تاریخی اہمیت کی حامل عمارتیں بھی شامل ہیں ۔ ہزاروں خوفزدہ افراد کھلے میدانوں اور مقامات کی جانب دوڑ پڑے ۔ برقی کا سلسلہ منقطع ہوگیا اور وائی فائی خدمات بھی متاثر رہیں ۔ ہسپتال، زخمیوں سے بھرچکے ہیں اور فوج، راحت کاری کے لئے نکل پڑی ہے ۔ بچاؤ کاری کے علاوہ متاثرہ افراد کو مد د فراہم کرنے میں فوج بھی پیش پیش ہے ۔کھٹمنڈو ایک ایسا شہر ہے جہاں کی سڑکیں اور گلیاں انتہائی تنگ ہیں اور دور دور تک ان کا ایک جال سا پھیلا ہوا ہے ۔ ان سڑکوں پر غمزدہ افراد اور افسردہ شہروں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ جھٹکے کے بعد جھٹکہ سے لوگ اور بھی زیادہ خوفزدہ ہوگئے ۔ ایک خاتون کو اپنی پیشانی پر خون سے لت پت ایک رومال رکھے دیکھا گیا جو نہ صرف مدد کے لئے چیخ رہی تھی بلکہ اپنے خاندان کے لئے بھی پریشان تھی ۔ خاتون نے بتایا کہ وہ گھر سے محفوظ طریقہ سے نکلنے میں ناکام رہی کہ مکان اچانک ہی ڈہہ گیا ۔ اس نے ایک ہسپتال میں اپنے میں اپنے ساتھ گزرے واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں خوف سے تھر تھر کانپنے لگی تھی۔ نیپال کے ایک سابق وزیر نے بتایا کہ لامجنگ میں سب سے زیادہ نقصانات ہوئے ۔ سد بھاؤ نا پارٹی چیف راجندر مہاتو نے بتایا کہ اس آفت سماوی کے فوری بعد نقصانات کا صحیح اندازہ لگانا مشکل ہوگیا تھا تاہم کھٹمنڈو اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں سب سے زیادہ نقصان پہنچا۔ مہاتو نے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی ممالک خصوصی طور پر ہندوستان اور دیگر بین الاقوامی ایجنسیوں کی مدد کی ضرورت ہے ۔ راجندر مہا تو کئی انتظامیہ میں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ زلزلہ کے بعد کھٹمنڈ و ایرپورٹ کو بند کردیا گیا جس کے نتیجہ میں ہندوستان سے نیپال جانے والی پروازیں منسوک کردی گئیں ۔ انڈیگو کی ایک پرواز کو دہلی واپس آنا پڑا ۔ کھٹمنڈو میں سفارت خانہ کے احاطہ میں ایک عمارت کے منہدم ہونے سے ہندوستانی سفارت خانہ کے ایک ملازم کی دختر ہلاک ہوگئی ۔ اس طرح زلزلہ میں ہلاک ہونے والے ہندوستانیوں کی تعداد بڑھ کر دو ہوگئی ۔ ادھر انڈین ایر فورس سی۔130جے کی جانب سے نیپال سے4بچوں کے بشمول55افراد پر مشتمل سب سے پہلے ہندوستانی مسافروں کو دہلی پہنچایا گیا ۔
بیجنگ سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ہفتہ کے دن ہندوستانی ہمسایہ نیپال سے ٹکرانے والا طاقتور زلزلہ کی وجہ سے چین کے جنوب مغربی تبت میں12افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ، حکام نے یہ بات کہی۔ نیپال کے اس شدید زلزلہ کلے اثرات تبت کے ہمسایہ خطوں میں بھی پائے گئے ۔ جیورونگ میں5اور نیالام میں7افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ زلزلہ کی وجہ سے ہمسایہ کے متعدد علاقوں کی عمارتوں اور سڑکوں کا شدید نقصان پہنچا تاہم نقصانات کا صحیح تخمینہ نہیں کیا گیا۔

Nepal earthquake: 1500 dead, hundreds trapped

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں