شمالی بنگال میں زلزلہ سے 3 افراد ہلاک - سلی گوڑی زیادہ متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-26

شمالی بنگال میں زلزلہ سے 3 افراد ہلاک - سلی گوڑی زیادہ متاثر

کولکاتا
یو این آئی
مغربی بنگال کے شمالی علاقے میں زلزلے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ ممتابنرجی کل شمالی بنگال کا دورہ کریں گی ۔ کلکتہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ نقصانات اور تباہی کا جائزہ لینے کے لئے وہ شمالی بنگال کا کل دورہ کریں گی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کی ہے اور ان کو پوری صورت حال سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ زلزلہ کی وجہ سے اب تک تین افراد کی موت کی خبر موصول ہوئی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم روانہ ہوگئی ہے ۔ شمالی بنگال میں بڑے پیمانے پر تباہی نہیں ہوئی ہے ۔ ہم نے سینئر عہدیداران نے بات چیت کی ہے حالات کنٹرول میں ہے متاثرین کو مدد پہنچائی جارہی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کنٹرول روم نے ٹول فری نمبر جاری کردیا ہے ۔ جلپائی گوڑی کے ضلع مجسٹریٹ کے امباری علاقے کے نوا پارا میں ایک باغ میں کام کررہے پنیا سنگھ رائے کی دیوار کے گرنے کی وجہ سے موت ہوگئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق نکسل باڑی علاقے میں بلڈنگ کا ایک حصہ منہدم ہونے کی وجہ سے ایک خاتون کی موت ہوگئی ہے ۔ مالدہ ضلع میں اسکول کا زینہ منہدم ہونے سے40اسکولی بچے زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں مختلف اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ کچھ بچوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے یہ واقعہ مالدہ ضلع کے بی ایس بی ہائی اسکول بھاڈو کا لیاچک میں پیش آیا ہے ، اطلاعات کے مطابق زلزلہ کے وقت جب بچے اسکول سے باہر نکل رہے تھے اسی وقت اسکول کا زینہ منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ اسی طرح نائی موجا ہائی اسکول میں بھی زینہ منہدم ہونے کی وجہ سے10طلباء شدید زخمی ہوگئے ہیں جس میں تین لڑکیاں شامل ہیں ۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر اس خبر کو سننے کے بعد بے ہوش ہوئے انہیں بھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ مالدہ ضلع کے بانکی ٹولہ میں واقع ایک نیشنل بینک کی عمارت منہدم ہونے کی وجہ سے25افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں بینک کے ملازمین اور صارفین دونوں شامل ہیں ۔ دارجلنگ کے ضلع کلکٹر پونیت یادو ہ نے کہا کہ یہاں متعدد عمارتیں مخدوش ہوگئی ہیں، ٹیلی فون اور بجلی کے پولس بھی گر گئے ہیں ، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی نہیں ہے ۔
مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں زیادہ تباہی ہونے کی خبر آرہی ہے ۔ کئی عمارتیں مخدوش ہوگئی ہیں۔ سلی گوڑی میں شاپنگ مال کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ شمالی بنگال سب ڈیویژنل آفیسر دیپا پریہ نے کہا کہ سلی گوڑی میں کئی کثیر منزلہ عمارت کریک ہوگئی ہیں ۔ جلپائی گوڑی کے سب ڈیویژنل آفیسر سیما ہلدار نے کہا کہ ایک دیوار منہدم ہوگئی ہے اور کئی مکانات کریک ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جلپائی گوری سے گزرنے والی ندی کورولا میں ہائی ٹائیٹ تھا ۔ کلکتہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ، اکثر گھروں سے لوگ باہر نکل آئے تھے ۔ یہاں تھوڑی دیربعد تیز بارش بھی ہوئی ہے۔ زلزلہ کی وجہ سے مغربی بنگال میں 91میونسپلٹیوں کے لئے جاری ووٹنگ بھی متاثر ہوئی ہے ۔ دارجلنگ ویلی میں بھی عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی خبر موصول ہوئی ہے مگر تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں ۔ سلی گوڑی میونسپلٹی کارپوریشن کے سینئر الیکشن آفیسر پرادیپ کمار داس نے کہا کہ زلزلہ کی وجہ سے انتخابی عمل تھوڑی دیر کے لئے رک گیا ۔ بوتھوں پر موجود لوگ کھلے آسمان میں چلے گئے ۔ بجلی بھی چلی گئی ہے۔ فلم ادکار منوج واجپئی جو زلزلہ کے وقت شمالی بنگال کے باگ ڈوگرا ایئر پورٹ پر موجود تھے نے ٹوئیٹ کرتے لکھا ہے کہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد لوگ ایئر پورٹ سے بھاگنے لگے ۔ اس کے علاوہ ایک خاتون کو دیکھا کہ شاید وہ دماغی توازن کھونے کی وجہ سے بھاگنے لگی ہے ۔

Quake rattles Bengal, 3 dead and 60 injured

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں