اعتماد نیوز
ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کڈیم سری ہری نے کہا کہ ایم جی ایم ہاسپٹل ورنگل کے علاوہ کاکتیہ میڈیکل کالج( کے ایم سی) کو ترقی دینے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ مشاورت کی جائے گی ۔ انہوں نے کاکتیہ میڈیکل کالج میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔بعد ازاں احاطہ کالج میں واقع این آر آئی بھون میں پرنسپل ڈاکٹر رمیش کمار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب افراد کو کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتیں فراہم کرنے پر ہی مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے تیقنات پر اندرون دو سال عمل آوری کی جائے گی۔ خاص طور پر بڑے مسائل سے چیف منسٹر کے علم میں لانے ریاستی سطح کا اجلاس منعقد کیاجائے گا ۔ مشرقی تلنگانہ کی عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے اہم مسائل کو دوحصوں میں تقسیم کر کے عارضی اور مستقل کاموں کو انجام دیاجائے گا۔ اسی طرح مریضوں سے متعلق مسائل پر مشاورت کی جاکر عنقریب ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایاجائے گا ۔ پہلے ضلع سطح پر چار کروڑ کے خرچ سے جدید آلات اور بہترین طبی سہولتوں کی دستیابی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اسی طرح کے ایم سی میں ایم سی آئی کے قواعدکے مطابق منظورہ اضافی50نشستوں کے لئے درکار ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے57کروڑ روپے کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے ۔ فی الحال 19کروڑ روپے سے کاموں کو انجام دیاجارہا ہے ۔ وزیر قبائلی بہبود، سیاحت و ثقافت اجمیر چندولال نے کہا کہ متحدہ ریاست میں ایم جی ایم ہاسپٹل کی ترقی کے لئے اس وقت کے حکمرانوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی ۔ درکار آلات کی فراہمی اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کے بجائے مسائل کو حقارت کی نظر سے دیکھا گیا ۔ اسی طرح کے ایم سی میں میڈیکل طلبہ کے لئے مناسب بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔ پارلیمنٹری سکریٹری سی ایم آفس ونئے بھاسکر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو صحت اور تعلیم کے شعبوں میں آگے بڑھنا ضروری ہے ۔ ایم جی ایم ہاسپٹل کو اپ گریڈ کرتے ہوئے مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ مقامی ایم ایل اے کونڈا سریکھا نے کہا کہ مشرقی تلنگانہ میں غریب عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے والے والا ایم جی ایم ہاسپٹل ترقی کے معاملے میں پیچھے ہے لہذا اس دواخانہ کی ترقی ناگزیر ہے۔ قدیم کمیٹی کی جگہ نئی کمیٹی تشکیل دینے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔ قبل ازیں کڈیم سری ہری، ونئے بھاسکر ، چندو لال اور کونڈا سریکھا نے ایم سی کے حدود میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔ ان کاموں کے لئے57کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ کے طور پر19کروڑ جاری کئے گئے ہیں ۔ 10کروڑ سے اکیڈیمک بلکا، 7کروڑ سے پی جی طالب علموں کے لئے ہاسپٹل ، ایک کروڑ سے لائبریری کی بالائی منزل کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ مزید5کروڑ سے ایم جی ایم اضافی جنرل میڈیسن ، جنرل سرجن وارڈ کی تعمیر کی جائے گی ۔ اس موقع پر ایم ایل ایز دھرما ریڈی شنکر نائک، اروری رمیش، سی کے ایم ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منوہر ، ڈاکٹر پانڈور رنگا جادو ، ڈاکٹر سرینواس،ڈاکٹر وجئے چندرریڈی ، ڈاکٹر ہیمنت کمار، ڈاکٹر شیوا کمار ، ٹی آر ایس ضلع صدر روئیندر راؤ اور دیگر موجود تھے ۔
MGM Hospital in Warangal need to develop a corporate style
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں