کشمیر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-03

کشمیر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں آج سیلاب کے خطرہ میں کمی واقع ہوئی کیونکہ رات سے جاری بارش جس کی وجہ سے دریائے جہلم کی سطح میں قدرے اضافہ ہوا تھا ، اب تھم چکی ہے۔ جنوبی کشمیر میں دریائے جہلم کی سطح آب14.10فٹ ریکارڈ کی گئی ہے جو خطرے کے نشان سے تقریبا9فیصد نیچے ہے جب کہ شہر کے رام منشی باغ علاقہ میں سطح آب15.25فیٹ درج کی گئی ۔ محکمہ فلڈ کنٹرول کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش کے سبب دریائے جہلم کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے ۔ لیکن سیلاب کا کوئی فوری خطرہ نہیں ہے ۔ کل رات دیر گئے جو موسم تھا اس کے مقابل اب موسم میں بہتری آئی ہے اور اگر یہ اسی طرح برقرار رہا تو شاید بدترین مرحلہ ختم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہر حال کل وادی میں کئی مقامات پر معتدل بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔جموں سے علیحدہ اطلاع کے مطابق سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر پھنسی ہوئی زائد از600گاڑیاں کو نکالنے کے لئے اقدامات جاری ہیں ۔ محکمہ ٹریفک کے حکام نے بتایا کہ بھاری بارش کی وجہ سے زمینی تودے کھسکنے کے سبب یہ شاہراہ بند کردی گئی تھی۔ ایس ایس پی ٹریفک سنجے کوتوال نے بتایا کہ ہم آج صبح سے ہائی وے پر مختلف مقامات پر پھنسی گاڑیوں کو نکال رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیاسنجر گاڑیوں کو ترجیح دی جارہی ہے اور دونوں طرف سے کسی نئی گاڑی کو آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

دریں اثنا سری نگر سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں آج عسکریت پسندوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی میں ایک فوجی اور ایک پولیس عہدیدار ہلاک ہوگیا ۔ سیکوریٹی فورسس نے آج عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر تنمرگ کے قریب موضع ہر دا شروع میں ایک مکان کا محاصرہ کرلیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ عسکریت پسند وں کے قریب پہنچے، انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خصوصی پولیس آفیسر( ایس پی او) ایک فوجی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ایک فوجی زخمی ہوگیا ہے ۔ قبل ازیں موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے مطابق فوجی ذرائع نے بتایا کہ زخمی جوان کی ران میں گولی لگی ہے اس فوج کے92بیس ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے ۔ ہدف بنائے گئے مکان کا محاصرہ کرلیا گیا ہے اور روپوش عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا شدید تبالہ جاری ہے ۔ باور کیاجاتا ہے کہ ان کی تعداد2ہے ۔


Flood threat in Jammu & Kashmir eases as weather improves

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں