گوری چمڑی ریمارک - مرکزی وزیر کے خلا ف عدالتوں میں شکایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-03

گوری چمڑی ریمارک - مرکزی وزیر کے خلا ف عدالتوں میں شکایت

مظفر پور؍ دربھنگہ
پی ٹی آئی
کانگریس کارکنوں نے آج مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے خلاف دو مقامات پر شکایات درج کرائیں ۔ جنہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف نسل پرستانہ ریمارک کئے تھے ۔ ایک شکایت مظفر پور میں درج کرائی گئی جب کہ دوسری دربھنگہ میں درج کرائی گئی۔ مظفر پور میں سنجے کمار سنگھ نامی شخص نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ وید پرکاش سنگھ کی عدالت میں گری راج سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی جنہوں نے اس کیس کو سب ڈیویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ انجو سنگھ کی عدالت سے رجوع کردیا۔ سب ڈیویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ میتھا ن پورہ پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی کہ شکایت کی بنیاد پر وزیر کے خلاف کیس درج کیاجائے ۔ دربھنگہ میں ایک اور شکایت درج کرائی گئی ۔ ضلع کانگریس کے نائب صدر پون کمار چودھری نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ گیانیندر کمار سریواستو کی عدالت میں گری راج سنگھ کے خلاف شکایت درج کرائی ۔ دربھنگہ کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے اس معاملہ کو سماعت کے لئے فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ وشال کمار سے رجوع کردیا ۔ اسی دوران کانگریس نے آج مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے سونیا گاندھی کے خلاف ریمارکس پر ملک کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج شروع کردیا ہے ۔ قومی دارالحکومت کے علاوہ بنگلور میں جہاں بر سر اقتدار بی جے پی کی عاملہ کا اجلاس چل رہا ہے کانگریس پارٹی کے کارکنوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ یوتھ کانگریس نے دہلی میں گری راج سنگھ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا جب کہ مہیلا کانگریس کی جانب سے بی جے پی ہیڈ کوارٹرس 11اشوک روڈ پر مظاہرہ کیا ۔ پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے احتجاجیوں سے ان کے بیانر چھین لئے جو وٹھل بھائی پٹیل ہاوز کامپلکس کے باہر جمع ہوگئے تھے ۔ پولیس نے گری راج سنگھ کا پتلا نذر آتش کرنے کی ان کی کوشش کو بھی ناکام بنادیا۔ بعد ازاں احتجاجیوں کو پولیس کی بس میں بھر کرلے جایا گیا ۔ گری راج سنگھ بی جے پی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے کل شام ہی بنگلور روانہ ہوگئے ہیں ۔ دہلی پردیش مہیلا کانگریس کی صدر وینیکا مہر ترا کی قیادت میں کارکنوں نے گری راج سنگھ کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ ونیکا نے مطالبہ کیا کہ صرف بیان سے دستبرداری اختیار کرنے سے معاملہ کس طرح ختم ہوسکتا ہے۔ یہ کافی نہیں ہے ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ گری راج سنگھ کے سونیا گاندھی کے خلاف نسل پرستانہ ریمارکس پر ایف آئی آر درج کرائی جائے گی ۔ پولیس نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے باہررکاوٹیں کھڑی کردی تھیں اور بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کو تعینات کردیا تھا۔ احتجاجیوں نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کی طر ف مارچ کیا اور خود کو گرفتار ی کے لئے پیش کیا۔
دریں اثنا مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع میں کسانوں سے ملاقات کرنے اور تباہ ہوئی فصلوں کا جائزہ لینے کے بعد سونیا گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تنگ ذہن رکھنے والے افراد کے کسی ریمارکس کا جواب دینا مناسب نہیں ہے۔
سونیا گاندھی کے خلاف ان ریمارکس پر مختلف خاتون قائدین نے گری راج سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان ریمارکس سے خواتین کے تئیں ان کے نسل پرستانہ رویہ کا اظہار ہوتا ہے۔

Cases against Giriraj Singh for racist remark

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں