تلنگانہ قانون ساز کونسل میں تصرف بل ندائی ووٹوں سے منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-28

تلنگانہ قانون ساز کونسل میں تصرف بل ندائی ووٹوں سے منظور

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ قانون ساز کونسل میں تصرف بل2015-16کو مفصل مباحث کے بعد منظور کرلیا گیا ۔ تصرف بل پر منعقدہ مباحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر فینانس ای راجندر نے ایوان کو تیقن دیا کہ سنہرے تلنگانہ کے ثمرات سے سارے تلنگانہ سماج کو مستفید کیاجائے گا۔اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مطلب ہرکام اور ہر بات پر تنقید کرنا نہیں ہوتا تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے ریاست اور عوام کی ترقی کے لئے حکومت کا تعاون کرنا بھی اپوزیشن کی ذمہ داری ہوتی ہے ، ای راجندر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں حکومت تلنگانہ کو عوام کو در پیش مسائل ان کی خواہشات اور توقعات کے متعلق پورا علم ہے اور حکومت کا ہر اقدام عوام کے مسائل حل کرنا ریاست کو ترقی یافتہ اور اخوشحال بنانے کا بھی رہے گا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت نے ملک کی تاریخ میں سرکاری ملازمین کے لئے سب سے زیادہ43فیصد فٹ منٹ دینے کا اقدام کیا، فی ری ایمبرسمنٹ کے مکمل بقایا جات جاری کردئیے گئے ، تحریک تلنگانہ کے دوران وکلاء کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے ایڈوکیٹس ویلفیر کے لئے100کروڑ روپے جاری کئے گئے ۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر سال دس کروڑ روپے جاری کئے جارہے ہیں 500کلا کاروں کو روزگار فراہم کیا گیا ،آٹو زکوٹر انسپورٹ ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ، بیواؤں ، معذورین اور وظائف پیران سالی کے لئے رقومات میں اضافہ کیا گیا، کسانوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، حکومت پیشہ زراعت کو نفع بخش پیشہ میں تبدیل کرتے ہوئے کسانوں کے چہروں پر اعتماد دیکھنا چاہتی ہے ، واٹر گرڈ کے ذریعہ سارے تلنگانہ کے پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، تعلیم کو بڑے پیمانے پر فروغ دیتے ہوئے تلنگانہ کو تعلیم یافتہ سماج میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے ، اقلیتوں کی ترقی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، شادی مبارک اسکیم کے شرائط میں نرمی لائی گئی ہے ، تمام اسکیموں کو کامیاب بنانے گرین چانلس کے ذریعہ رقومات جاری کئے جائیں گے ۔ ای راجندر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ حکومت کے ان نیک کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے نیز سنہرے تلنگانہ کے ثمرات سے تمام تلنگانہ سماج کو مستفید کرنے میں حکومت کی مدد کریں ۔ قبل ازیں راجندر نے تصرف بل 2015-16مباحث کے لئے پیش کرتے ہوئے اتفاق رائے سے منظور کرنے کی خواہش کی ، مباحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس قائد ڈی سرینواس نے کہا کہ بجٹ میں بی سی طبقہ کے ساتھ نا انصافی کی گئی ہے۔ کئی امور میں فرضی اعداد و شمار کا سہارا لیا گیا ، پرانا ہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو نظر انداز کردیا گیا ، زیر التوا پراجکٹس وزیر تعمیر پراجکٹس کے موقف کو صحیح انداز میں پیش نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے حکومت سے بجٹ میں موجودہ نقائص اور غلطیوں کو دور کرنے کا مشورہ دیا، سینئر رکن کونسل حافظ پیر شبیر احمد نے تصرف بل کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے لئے1105کروڑ مختص کیاجانا قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً حکومت بجٹ میں مختص رقومات کو سال کے اواخر میں جاری کرتی ہے ، پیر شبیر نے حکومت کو اس روایت سے انحراف کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رقم کو تین اقساد میں جاری کرے ، مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے قائم کردہ کمیٹی کو جلد از جلد رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر شبیر احمد نے کہا کہ12فیصد تحفظات حاصل ہونے تک موجودہ چار فیصد کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ انہوں نے اقلیتوں کو قرضہ جات مکمل طور پر اقلیتی مالیتی کارپوریشن کا ذریعہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مباحث میں اے نرسا ریڈی ، ایم ایس پربھاکر، کے پربھاکر ، پی سدھاکر ریڈی ، وی جی گوڑ، پی ناگیشور راؤ و دیگر نے بھی حصہ لیا۔ بعد ازاں تلنگانہ تصرف بل 2015-16کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا ، تصرف بل کی منظوری کے بعد صدر نشین کونسل کے سوامی گوڑے نے اجلاس کی کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔

Appropriation Bill passed through voice vote, Telangana Assembly adjourned sine die

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں