تلنگانہ و آندھرا اسمبلیوں کے بجٹ اجلاس کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-07

تلنگانہ و آندھرا اسمبلیوں کے بجٹ اجلاس کا آغاز

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی اسمبلیوں اورکونسلوں کے بجٹ اجلاس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دونوں ریاستوں کی اسمبلیوں کا بجٹ اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے جبکہ ایک ساتھ دو بجٹ اجلاس شروع ہونے کے پیش نظر سخت ترین صیانتی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، دونوں ریاستوں کی دونوں مقننہ کے مشترکہ اجلاسوں سے یکے بعد دیگرے خطاب کریں گے ۔ امکان ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں سماج کے مختلف طبقات کو در پیش مسائل کو اٹھاتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے ۔ دونوں اجلاسوں کے دوران دونوں ریاستوں کی حکومتیں مختلف آرڈیننسوں کی جگہ بلز بھی پیش کریں گی تاکہ قانون سازی کی جاسکے ۔ دونوں اسمبلیوں کی بزنس اڈوائزری کمیٹیوں کے اجلاس کل بجٹ اجلاس کی شروعات سے قبل منعقد ہوں گے جن میں اسمبلیوں کی کارروائیوں کی تفصیلات اور ایجنڈا طے کیاجائیگا۔ تلنگانہ کابینہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت کل ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے بجٹ سیشن کے دوران چاربلز پیش کرنے کا فیصلہ کیا جو مختلف آرڈیننسوں کی جگہ لیں گے ۔ اس کے علاوہ دو نئے بلز بھی پیش کئے جائیں گے۔ حکومت تلنگانہ، ایک باغبانی یونیورسٹی کو مجاہد آزادی کونڈہ لکشمن باپوجی کے نام سے موسوم کرنے اور پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کی تقسیم کے لئے بلز متعارف کرائے گی۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ، اے پی اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے صبح8:55بجے خطاب کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ایک گھنٹہ کا وقفہ لیں گے اور پھر11بجے تلنگانہ اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس میں خطبہ دیں گے ۔ تلنگانہ کے وزیر فینانس ای رراجندر ، تلنگانہ کا پہلا مکمل بجٹ11مارچ کو پیش کریں گے جب کہ آندھرا پردیش کے ان کے اپنے ہم منصب وائی رام کرشنوڈو12مارچ کو اے پی کا مکمل بجٹ پیش کریں گے ۔ اسی دوران دونوں ریاستوں کی پولیس نے دونوں ریاستوں کی اسمبلیوں کے اندر اور باہرسیکوریٹی کی فراہمی کے لئے ایک تفصیلی منصوبہ مرتب کیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے سینئر پولیس عہدیداروں پر مشتمل ایک کمیٹی اہم شخصیتوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لئے انتظامات پر نظر رکھے گی ۔ اسمبلی کامپلکس کے اندر سیکوریٹی انتظامات آندھرا پردیش پولیس نے سنبھال لیے ہیں جب کہ باہر سیکوریٹی کی ذمہ داری تلنگانہ پولیس نے اپنے سر لی ہے ۔، پی ٹی آئی کے بموجب تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس کافی ہگانہ خیز ہونے کا امکان ہے کیونکہ اپوزیشن پارٹیاں مختلف مسائل جیسے کسانوں کی خود کشی، سوائن فلو اموات اور انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ بناچکی ہے ۔ سابق ریاستی وزیر اور سینئر کانگریس رکن اسمبلی رام ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاستی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ وہ اقتدار کے 9ماہ بعد بھی انتخابی وعدے پورے نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ اجلاس کے دوران24اہم مسائل اٹھائیں گے ۔ کسانوں کی خود کشی ، سوائن فلو اموات، برقی بحران اور سکریٹریٹ کی منتقلی جیسے مسائل پر حکومت کو تلنگانہ عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا ۔ تلگو دیشم پارٹی کے ایک سینئر قائد نے کہا کہ ان کی پارٹی تلگو دیشم کے چندر ارکان کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کرے گی جنہوں نے انحراف کرتے ہوئے حکمراں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ایک اور سینئر کانگریس قائد نے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انتخابات سے قبل101وعدے کئے جن میں تا حال صرف3وعدوں کی تکمیل کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ18وعدوں کی جزوی تکمیل کی گئی جب کہ80وعدوں کو ہنوز دن کی روشنی بھی نصیب نہیں ہوئی ہے ۔

Telangana, Andhra budget sessions begin Saturday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں