پورے ملک میں گاؤ کشی پر امتناع عائد کرنے کی کوشش ہوگی - وزیر داخلہ راجناتھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-30

پورے ملک میں گاؤ کشی پر امتناع عائد کرنے کی کوشش ہوگی - وزیر داخلہ راجناتھ

مرکزی وزیر داخلہ را ج ناتھ سنگھ نے آج عندیا دیا وہ اتفاق رائے سے ملک گیر سطح پر گاؤ کشی پر امتناع کے لئے این ڈی اے حکومت حتی المقدور کوشش کرے گی ۔ جین ازم کے اہم فرقہ شیو تمبار جینس کے مذہبی قائدین کے اجتماع سے مخاطبت میں انہوں نے کہا۔ گائے ذبیحہ اس ملک میں قابل قبول نہیں ہے۔ ہم گائے ذبیحہ پر امتناع کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے اور اس معاملہ میں اتفاق رائے بنانے کے لئے حتی المقدور کوشش کریں گے ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں گاؤ کشی پر امتناع کا حوالہ دیتے ہوئے سینئر بی جے پی قائد نے کہا کہ کسی کو بھی حکومت کے وعدے پر شک و شبہ میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس موقع پر اچاریہ شیو منی نے حکومت سے چاہا کہ وہ حالیہ بجٹ سیشن میں گائے کے ساتھ ساتھ بھینسوں کے ذبیحہ پر پابندی عائد کرنے کے لئے بل لائے ۔ اس کے جواب میں سنگھ نے کہا کہ گائے کشی پر مکمل پابندی عائد کرنے کے لئے حکومت کا دونوں ایوانوں میں اکثریت میں آنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ضرور اخبارات میں پڑھ رہے ہوں گے کہ کس طرح حکومت کو پارلیمنٹ میں مختلف بلوں کی منظوری کے لئے جدو جہد کرنی پڑی۔ اس تقریب سے مخاطبت میں سینئر وی ایچ پی قائد اشوک سنگھل نے مرکز سے درخواست کی کہ وہ ملکی سطح پر گائے کشی کے خلاف سخت قوانین نافذ کرے۔ سنگھل نے کہا کہ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں گائے کشی ابھی بھی خلاف قانون نہیں ہے ۔ لہذ ا مرکز اس سمت میں سخت اقدامات کرتے ہوئے ملکی سطح پر گاؤ کشی پر امتناع عائد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی بھی گایوں کی حفاظت کے حق میں قانون لانے کا موقف رکھتے تھے ۔

ممبئی سے ایجنسی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب گاؤ کشی پر امتناع کو ریاست کے اہم عوامی مسائل سے انحراف بتاتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ بی جے پی زیرصدارت حکومت نے اقتدار پر آنے کے بعد اپنا حقیقی رنگ بتادیا ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری موہن پرکاش کے مطابق ایسے وقت جب کہ کسان بھاری خسارے کے سبب سخت مشکلات کا شکار ہیں ۔ دیویندر پڑ نویسغیر ضروری خوش آمدانہ سیاست پر توجہ دے رہے ہیں۔ پرکاش کے مطابق اہم لازمی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے حکومت گاؤ کشی پر امتناع عائد کرکے عوام کی توجہ بھٹکانے میں لگی ہے جو کسی بھی صورت میں ریاست کی معیشت کے لئے مددگار نہیں ہے ۔ ان کا ایجنڈا عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنانہیں ہے ۔ وہ کانگریس لیڈر نارائن رانے کے الیکشن آفس کے افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے جو کھیر واڑی ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل کئی افراد جیسے بابا رام دیو وغیرہ نے دل جمعی سے بی جے پی اور اس کے وعدوں کی تائید کی لیکن اب یہ جان لینے کے بعد کہ یہ وعدہ سراب کے علاوہ کچھ نہیں تھے وہ لائم لائٹ سے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ اس تقریب سے مخاطبت میں رائے نے کہا وعدوں کے علاوہ ریاست کو کچھ نہیں ملا۔ وہ پانچ ماہ سے اقتدار میں ہیں لیکن سواضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے کچھ بھی کرنے میں وہ کامیاب نہیں ہوئے ۔

Will Try to Bring Nationwide Ban on Cow Slaughter: Home Minister Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں