جنتا پریوار اراضی بل کی ہرگز تائید نہیں کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-30

جنتا پریوار اراضی بل کی ہرگز تائید نہیں کرے گا

متنازعہ اراضی بل پر علاقائی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے این ڈی اے حکومت کی کوششوں کے دوران جنتادل یو نے آج کہا کہ جنتا پریوار کا کوئی بھی رکن مجوزہ قانون کی موجودہ شکل میں تائید نہیں کرے گا۔ پارٹی نے راجیہ سبھا کے اجلاس کوملتوی کرنے کے پس پردہ حکومت کے عزائم پر بھی سوال اٹھایااور تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخر ایسی کیا جلدی آ پڑی ہے۔ جنتادل یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے کہا کہ سابق جنتا پریوار کے شراکت داروں نے جمعہ کو اپنی میٹنگ میں فیصلہ کیا کہ اس بل کے خلاف دیہی سطح سے قومی دارالحکومت تک احتجاجی منسوبہ تیار کیاجائے گا ۔ انہوں نے موجودہ شکل میں اس بل کی منظوری کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہم پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈالیں گے ۔ ہمارے منصوبوں کا آئندہ چند دن میں اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنتادل یو ، مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کے لئے بی جے ڈی اور ترنمول کانگریس سے ربط پیدا کرے گی ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے نام اپنے ایک مکتوب میں جنتادل یو کے صدر شرد یادو نے اراضی بل پر پارٹی کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قدیم بل میں ترمیمات مثلاً رضا مندی حاصل کرنے سے متعلق شق اور اس شق کے سماجی اثرات کے جائزے سے متعلق دفعہ کی برخواستگی کی مخالفت کی ہے ۔ انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ حصول اراضی قانون2013ء کو کافی غور و خوض کے بعد منظور کیا گیا تھا، کہا کہ حالیہ ترمیم میںsiaسے متعلق شق کو مکمل طور پر ختم کیاجارہا ہے ۔ ہم اس کی تائید نہیں کرتے ۔ جنتادل یو صدر نے اپنے اس مکتوب میں اس مسئلہ پر ان کے ساتھ کی گئی تین چار ملاقاتوں کا بھی تذکرہ کیا ۔ تیاگی نے کہا کہ جنتا پریوار کی جماعتیں اس مسئلہ پر حکومت کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہیں ۔ کیونکہ جمہوریت میں مشاورت کو مسترد نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئی فیصلہ لینے سے قبل اپوزیشن جماعتوں اور کسانوں کا ایک اجلاس طلب کرنا چاہئے بصورت دیگر جنتا پریوار کے شراکت دارحکومت کی جانب سے لائی جانے والی ترمیمات کی ہر طرح سے مخالفت کریں گے ۔

No member of Janata Parivar will support land bill, says JD(U)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں