یمن جنگ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا گیا - پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-28

یمن جنگ میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا گیا - پاکستان

اسلام آباد
رائٹر
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت یا اس کی سرحدی خود مختاری کو خطرہ ہوا تو پاکستان ہر حالت میں اس کا تحفظ کرے گا اور اس نے سعودی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ سعودی قیادت میں یمن کے خلاف جاری آپریشن کے لئے فوجیس بھیجنے کا نہ تو فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی وعدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے جمعہ وک قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی مرحلہ پر فوجیں بھیجنے کا فیصلہ کیا بھی گیا تو پارلیمنٹ کو اس پر اعتماد میں لیاجائے گا ۔ اس جنگ میں شمولیت کا ہم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ، کوئی وعدہ نہیں کیا ۔ صرف اور صرف سعودی عرب کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ سعودی عرب کی سالمیت یا اس کی سرحدی خود مختاری کو خطرہ ہوا تو پاکستان ہر حالت میں اس کا تحفظ کرے گا ۔ واضح رہے کہ جمعرات کی شب اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کی سرحدی خود مختاری کو لاحق خطرے کا پاکستان بھرپور جواب دے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی شریک تھے ۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور ان کی سلامتی کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو در پیش سلامتی کے خطرات کا جواب پاکستان سختی سے دے گا ۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مختلف حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاکستان نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے لیکن وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس طرح کی تمام خبروں کو رد کیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ملکی حالات سے آگاہ ہے اور وہ کسی بھی ایسی جنگ میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا جس کے اثرات آنے والے سالوں میں پاکستانی قوم کو بھگتنا پڑیں۔ مسلم امہ کے اتحاد کے لئے اور ان تمام تنازعات کے لئے جو اسلامی دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں ان کے خاتمے کے لئے پاکستان اپنا کردار ضرور ادا کرے گا ۔ ہم کسی ایسے تنازعے کو ہوا نہیں دینا چاہتے جس کے اثرات مسلم دنیا میں تفرقے کی صورت میں پھیلیں ۔ اور اس کے نتائج بھگتیں جائیں ۔ وزیر اعظم کی صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ وزیر داخلہ خواجہ آصف ، وزیرا عظم کے مشیر برائے امور خارجہ قومی سلامتی سرتاج عزیز اور مسلح افواج کے نمائندوں کا وفد جمعہ کو سعودی عرب کا دورہ کرکے وہاں سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لے گا۔ لیکن خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ یمن کی صورت حال سے متعلق عرب لیگ کا اجلاس ہونے جارہا ہے اس لئے پاکستانی وفد کا دورہ چند رو ز بعد متوقع ہے ۔ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں جاری فوجی آپریشن میں شرکت کے لئے سعودی حکومت نے پاکستان سے رابطہ کیا تھا جس کی تصدیق وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو کی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں غور کیاجارہا ہے ۔

Pakistan will defend S. Arabia but not escalate conflict: govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں