بی جے پی حکومت پر نریندر مودی کے بھائی پرہلاد کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-18

بی جے پی حکومت پر نریندر مودی کے بھائی پرہلاد کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کے چھوٹے بھائی پرہلاد نے آج مرکز کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہ اکہ یہ حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور مسائل کے حل کے لئے قوت ارادی نہیں رکھتی۔ پرہلاد، یہاں جنتر منتر پر آل انڈیا فیر پرائس شاپس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک احتجاج میں حصہ لے رہے تھے۔ پرہلاد فیڈریشن کے نائب صدر ہیں۔ فیڈریشن کے مطالبات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے بی جے پی اور اس کی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ آپ لوگوں نے اس امر کو یقینی بنانے سخت محنت کی کہ اس کو (بی جے پی کو) لوک سبھامیں اکثریت حاصل ہو۔ اس کے باوجود آپ لوگوں کو دھرنا دینے کے لئے یہاں جنتر منتر پر آنا پڑتا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ این ڈی اے حکومت کی ناکامی ہے۔ مودی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جو کچھ کررہا ہوں وہ ایک بھائی کے خلاف دوسرے بھائی کی بغاوت نہیں ہے ۔ میرے لئے تو میرے بھائی پوجا کے لائق ہیں ۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں لیکن میں ایک پیشہ سے وابستہ ہوں اور اپنے بھائی کے سامنے اپنی آواز کو اٹھانے مجھے اس پلیٹ فارم پر آنا پڑا ۔ رشوت ستانی کے مسئلہ پر مودی حکومت پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ تقریباً تمام قومی سیاسی جماعتیں رشوت ستانی کو بڑھاوا دیتی ہیں۔ اب جب کہ نریندرمودی حکومت انسداد رشوت ستانی کے ایک پی ام کے ساتھ اقتدار پر آئی ہے ہم راستوں پر نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ پرہلاد نے بی جے پی کو وارننگ دی کہ اگر اس پارٹی کی زیر قیادت حکومت ، عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دیتی تو اتر پردیش و بہار کے اسمبلی انتخابات میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ اگر یہ پارٹی ہمارے تعلق سے چشم پوشی کرے تو پھر یوپی اور بہار میں وہی ہوگا جس کا سامنا دہلی میں بی جے پی کو ہوا ہے ۔ میں بی جے پی کا ایک رکن ہوں ، لیکن قومی جماعتوں کی غلط پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتا ہوں۔ پرہلاد نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی حکومت غلہ کی ارزاں فروشی دکانات کے مالکین کے مسائل کو حل کرنے کے عزم سے محروم ہے ۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سرکار نکمی ہے، نریندر مودی نکمے ہیں ۔ ہم ایسا نہیں کہتے لیکن حکومت کے پاس ہمارے مسائل کو حل کرنے کا عزم نہیں ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ غلہ کی ارزاں فروشی کے شاپ ڈیلرس ، اپنے مطالبات بشمول کمیشن میں اضافہ کی تائید میں ریاستی دارالحکومتوں میں مظاہرے کررہے ہیں۔

PM Narendra Modi's brother Prahlad attacks BJP government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں