عام بجٹ میں آندھرا کے ساتھ نا انصافی - چندرا بابو نائیڈو کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-01

عام بجٹ میں آندھرا کے ساتھ نا انصافی - چندرا بابو نائیڈو کا الزام

حیدرآباد
آئی اے این ایس
مرکزی بجٹ میں آندھر اپردیش کے ساتھ ’’ناانصافی‘‘ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے تقسیم کے نتیجہ میں زیردست دباؤ کا سامنا کرنے والی اپنی ریاست کے لئے انصاف طلب کریں گے ۔ چندر ا بابو نائیڈو نے جو تلگو دیشم پارٹی کے صدر بھی ہیں اور یہ پارٹی مرکز کی این ڈی اے حکومت کا حصہ ہے ، صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے آندھرا پردیش کے عوام کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے جنہوں نے تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحاد پر اعتماد کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اے پی کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں اور حیدرآباد، بنگلور اور چینائی کے ہم پلہ نئے دارالحکومت کی تعمیر میں مدد کریں ۔ ریاست کو خصوصی زمرہ کا موقف نہ دیے جانے اور مرکزی بجٹ میں اطمینان بخش فنڈس مختص نہ کرنے پر ناخوش دکھائی دے رہے این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ ریاست کی تقسیم کے ذریعہ سابقہ کانگریس زیر قیادت حکومت کی جانب سے کی گئی نا انصافی کی تلافی کے لئے نریندر مودی کی مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے ہر ممکنک کوشش کریں گے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے یا ددلایا کہ نریندر مودی نے انتخابی مہم کے دوران عوام کو کئی تیقنات دیے اور کئی وعدے کیے ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ تروپتی میں ایک انتخابی جلسہ میں نریندر مودی نے اے پی کے لئے ایک ورلڈ کلاس راجدھانی کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اے پی کے لئے ایک ایسا دارالحکومت تعمیر کیاجائے گا جو دہلی سے بھی بہتر ہوگا ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ وہ تا حال7تا8مرتبہ دہلی کا دورہ کرکے وزیر اعظم ،وزیر فینانس اور دیگر وزراء سے ملاقات کرچکے ہیں تاکہ ریاست کو در پیش مسائل کی ان کے سامنے وضاحت کی جاسکے اور ان کی یکسوئی کے لئے مدد تعاون حاصل کیاجاسکے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مجھے مرکزی حکومت سے یہ توقع نہیں تھی ۔

Chandrababu to meet Modi over ''injustice'' to Andhra in union budget

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں