صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پی لکشمیا کی عہدہ سے معطلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-01

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پی لکشمیا کی عہدہ سے معطلی

حیدرآباد
یو این آئی/ منصف نیوز بیورو
ایک حیرتناک سیاسی اقدام کے تحت تلنگانہ پر دیش کا نگریس کمیٹی کے صدر پونالا لکشمیا کو ان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ کانگریس ہائی کمان نے آج یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ان کی جگہ اتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ہائی کمان نے ملو بھٹی وکرامار کا کوفی الحال پردیش کانگریس کمیٹی کا کارگزار صدر بنایا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد کے جانا ریڈی ، پارٹی کمان کی طلبی پر فوری دہلی روانہ ہوگئے۔ نمائندہ منصف کے بموجب کانگریس ہائی کمان نے آج ایک اچانک اور ایک حیرت انگیز فیصلہ لیتے ہوئے تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے صدر یونالا لکشمیا کو ان کے عہدہ سے ہٹا دیا اور کارگزار صدر این اتم ریڈی کو پارٹی کا صدر نامزد کیا ہے ۔ یہ اچانک تبدیلی آج اس وقت رونما ہوئی جب پونالہ لکشمیا گریجویٹس حلقہ سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو ہائی کمان سے منظوری حاصل کرنے کل ہی دہلی پہنچے تھے۔ تاہم سرکاری طور پر باقاعدہ اعلان باقی ہے، بتایا گیا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے قائد کانگریس مقننہ پارٹی کے جاناریڈی کو بھی دہلی طلب کیا ہے اور وہ دہلی روانہ ہوچکے ہیں ۔ امکان ہے کہ جانا ریڈی کو بھی انہیں اپنا عہدہ چھوڑنے کی ترغیب دی جائے گی کیونکہ پارٹی کے نئے صدر اتم کمار ریڈی اور قائد کانگریس مقننہ پارٹی جانا ریڈی کا تعلق بھی ضلع نلگنڈہ سے ہے اور دونوں قائدین بھی ریڈی طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ قائد اپوزیشن کے عہدہ پر ڈپٹی فلورلیڈر و سابق ڈپٹی اسپیکر ملو بھٹی وکرمار کو قائد کانگریس مقننہ پارٹی مقرر کیے جانے کا امکان ہے ۔ ملو بھٹی کا تعلق بی سی طبقہ سے ہے اور وہ اسمبلی میں ضلع کھمم کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ یہ بھی امکان ہے کہ ملو بھٹی وکرما ر کا پارٹی کا ورکنگ صدر بھی مقرر کیاجاسکتا ہے تاکہ بی سی طبقہ کی نمائندگی کو یقینی بنایاجاسکے ۔ پارٹی قائدین کی اچانک تبدیلی پر کانگریس حلقوں میں ملا جلا رد عمل پایاجاتا ہے ۔ پی سی سی کے بعض قائدین نے کہا کہ پونالہ لکشمیا کی تبدیلی ضروری تھی کیونکہ سب پونالہ لکشمیا کے انداز کارکردگی سے ناراض تھے اور ایک عرصہ سے ان کی تبدیلی کا مطالبہ کررہے تھے ۔ واضھ رہے کہ2014کے اسمبلی انتخابات سے قبل پونالہ لکشمیا کو پارٹی کا صدر اور اتم کمار ریڈی کو روکنگ کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم پارٹی کے ناقص مظاہرہ کی وجہ سے کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں119کے منجملہ صرف22نشستیں ہی حاصل ہوئی تھیں ۔ بتایا گیا ہے کہ پونالہ لکشمیا نے پارٹی کی رکنیت سازی میں بھی دلچسپی نہیں لی تھی ۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ پونالہ لکشمیا صدر کے عہدہ پر مزید برقرار رہتے ہیں تو کانگریس کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اس دوران اطلاع ملی ہے کہ ملو بھٹی وکرمار کا کو تلنگانہ کانگریس کمیٹی کا کارگزار صدر مقرر کیا گیا ہے ۔

Uttam Kumar replaces Ponnala as PCC president

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں