پی ٹی آئی
سی پی آئی ، ایم نے آج کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملہ بشمول مغربی بنگال میں راہبہ کی مبینہ عصمت ریزی دراصل آر ایس ایس کی فرقہ وارانہ زہر افشانی کی وجہ سے پیش آئی وارداتیں ہیں جس نے نریندر مودی حکومت کے لئے ایجنڈہ طئے کیا ہے ۔ پارٹی کے مطابق اس طرح کے واقعات ملک کی سالمیت کے لئے بڑا خطرہ ہیں۔ آر ایس ایس کے مختلف رہنماؤں کی جانب سے فرقہ وارانہ منافرت کا زہر پھیلانے کے سبب اقلیتوں سے متعلق عبادت گاہوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ سی پی آئی ایم کے ترجمان پیپلز ڈیمو کریسی کے اداریہ میں پارٹی قائد سیتا رام یچوری نے لکھا یہ سیکولر جمہوری ہندوستان میں دستور کے ذریعہ شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق سے یکسر مختلف ہے ۔ حال ہی میں بنگال میں ایک راہبہ کی عصمت ریزی کے واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یچوری نے کہا ’’علاقہ میں اس واقعہ کے خلاف غم و غصہ اور احتجاج کے باوجود کوئی کارروائی نہ کرتے ہوئے کسی مشتبہ کو گرفتارنہیں کیا گیا ۔ یچوری نے لکھا کہ آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے بار بار کہا ہے کہ نریندر مودی کا 9ماہ کا دور اقتدار کافی اطمینان بخش ہے ۔ آر ایس ایس نے مودی حکومت کے لئے ایجنڈہ طے کیا ہے، جو آر ایس ایس کے سیاسی بازو کی حیثیت سے کار کرد ہے ۔ ایک طرف تو ہندو راشٹرا کے قیام کے لئے جدو جہد جاری ہے دوسری طرف معاشی پالیسیوں کے سبب غیر ملکی اور ملکی کارپوریٹس کو کھلے عام ہمارے قدرتی ذرائع کی لوٹ کھسوٹ کی اجازت دی جارہی ہے ۔
CPI-M Slams RSS for Spreading 'Communal Poison'
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں