متحدہ عرب فوج کی تشکیل کا فیصلہ - سربراہ کانفرنس میں میزبان صدر جنرل سیسی کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-30

متحدہ عرب فوج کی تشکیل کا فیصلہ - سربراہ کانفرنس میں میزبان صدر جنرل سیسی کا اعلان

سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے سب سے بڑی انٹر نیشنل ایر پورٹ پر بمباری کی اور دارالحکومت میں ایک فوجی اڈہ کو بھی نشانہ بنایا جب کہ عرب قائدین نے آج ایران کی تائید کے حامل باغیوں پر ان کی خود سپردگی تک حملے جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے ایر پورٹ پر حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا جب چند گھنٹے قبل ہی خطرناک لڑائی کے پیش نظر اقوام متحدہ کے کارکنوں کو باہر نکال لیا گیا۔ اس لڑائی کے باعث تہران اور مشرقی وسطیٰ کی دوسری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان نے بھی بد امنی کا شکار ملک سے اپنے شہریوں کو ذریعہ طیارہ منتقل کرنے کے اقدامات کئے ہیں ۔ ہندوستان نے کہا کہ اسے اپنے پھنسے ہوئے شہریوں کو ذریعہ طیارہ نکالنے کے لئے عرب اتحاد کی اجازت مل گئی ہے اور جلد ہی ایک جہاز بھی روانہ کیاجائے گا۔ قبل ازیں عرب قائدین نے مشترکہ عرب فوج تشکیل دینے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں جاری عرب لیگ چوٹی کانفرنس میں میزبان صدر مصر عبدالفتح السیسی نے اعلان کیا ۔ اجلاس میں یمن کی صورتحال غالب تھی جہاں سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے کئے جارہے ہیں۔ سیسی نے سربراہ کانفرنس کے اختتام پر اعلان کیا کہ عرب قائدین نے مشترکہ عرب فوج کی تشکیل سے اصولی طور پر اتفاق کا فیصلہ کیا ہے ۔ یمن جیسی صورتحال میں مداخلت کے لئے متحدہ عرب فوج قائم کی جارہی ہے ۔ صدر مصر نے کہا کہ مستقبل کی فوج کا ڈھانچہ اور اس سے متعلق دیگر امور طئے کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی پیانل تشکیل دیا جائے گا ۔ قبل ازیں اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ مشترکہ عرب فوج تقریبا چالیس ہزار سپاہیوں پر مشتمل ہوگی جسے جنگی جہازوں ، جنگی طیاروں اور جنگی سازوسامان سے مدد حاصل رہے گی تاہم ذرائع نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ عرب لیگ کے تمام 22ارکان اس کا حصہ بنیں گے ۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ فوج کی تشکیل میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں ۔ عرب سربراہ نے آج شرم الشیخ میں ایک معاہدہ پر دستخط کی اور مغرب سے ایک نئی جامع فوج کی تشکیل کا مطالبہ کیا ۔ اسی دوران یمن پر عرب اتحادی افواج کے فضائی حملے جاری ہیں۔ حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول وزارتی صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کل رات کئے گئے حملوں میں کم ازکم35افراد ہلاک اور88دیگر زخمی ہوگئے ۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایمر جنسیز علی باری نے بتایا کہ صوبہ صنعاء میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے تاہم یہ نہیں کہا کہ مرنے والے سپاہی تھے یا عام شہری ۔ یمن کے مفرور صدر عبدربو منصور ہادی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو بر طرف کردیا ہے ۔ صدر ہادی نے ایک حکم کے ذریعہ اپنے پیشرو علی عبداللہ صالح کے فرزند احمد علی صالح کو امارات کے سفیر کے عہدہ سے برطرف کردیا ۔ اس طرح یمن میں اقتدار کی نئی کشمکش کا پتہ چلتا ہے ۔ صدر ہادی نے گزشتہ جمعرات کو اس وقت یمن سے فرار ہوگئے جب عدن پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہوگیا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے بتایا کہ صنعاء سے روزانہ تین گھنٹے کے لئے طیاروں کی پرواز کی اجازت مل گئی ہے ۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اپنے شہریوں کو واپس لائیں گے ۔

Arab leaders announce joint army to counter regional threats

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں