مسلسل 3 ماہ تنخواہ نہ دینے پر بغیر منظوری نقل کفالہ ہوگا- سعودی وزارت محنت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

مسلسل 3 ماہ تنخواہ نہ دینے پر بغیر منظوری نقل کفالہ ہوگا- سعودی وزارت محنت

ریاض
اردو نیوز (سعودی عرب)
وزارت محنت میں تحفظ محنتانہ پروگرام کے ڈائریکٹر منیف الحربی نے واضح کیا ہے کہ اگر مسلسل تین ماہ تک تنخواہ نہ دینے والے نجی ادارے ، کمپنی اور فرد نے تنخواہ بینک کے ذریعہ ادانہ کی تو ایسے کفیل کی منظوری کے بغیر مکفول نقل کفالہ کراسکے گا ۔ سکریٹری محنت ڈاکٹر احمد الفھید نے بتایا کہ وزارت محنت گھریلو ملازمین کی تنخواہیں بھی بینکوں کے ذریعے اداکرانے کی تجویز پر غور کررہی ہے ۔ وزارت محنت چاہتی ہے کہ گھریلو ڈرائیوروں اور ملازماؤں کو بھی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔ الحربی نے توجہ دلائی کہ اگر کوئی نجی ادارہ2ماہ تک مسلسل اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق دستاویز پیش نہیں کرے گا تو وزارت محنت اس کے لئے تمام خدمات معطل کردے گی البتہ ورک پرمٹ کے اجراء یا توسیع کا سلسلہ جاری رکھے گی البتہ اگر تین ماہ تک کسی نجی ادارے نے ملازمین کی تنخواہیں روکیں تو وزارت اس کا کمپیوٹر کنکشن کاٹ دے گی ، اور اس کے ملازمین کو اس کی منظوری کے بغیر نقل کفالہ کی اجازت دیدے گی ۔ الحربی نے بتایا کہ تحفظ محنتانہ پروگرام سعودی اور غیر ملکی ملازمین کو تنخواہوں کے سلسلے میں تحفظ فراہم کررہا ہے ۔ وزارت نے حال ہی میں اس کے پانچویں مرحلے کا اجراء کیا ۔ اس کے تحت آنے والے ایسے اداروں کے ملازمین کو فائدہ پہنچاہے ۔ جن کی تعداد320یا اس سے زیادہ ہے ۔ ایسے اداروں کی تعداد1195ہے ۔ ریاض میں وزارت محنت کے ڈائرکٹر جنرل عبداللہ العلیان نے بتایا کہ10روز کے اندر اندر25کاؤنٹرز پر مشتمل نئے ہال کا افتتاح کیاجائے گا۔ اس میں موجود اہلکار چھاپہ مہم سے متعلق سوالات اور تحفظ محنتانہ پروگرام پر عملد رآمد کی راہ میں حائل دشواریوں کی بابت سوالات کے جوابات دیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارت نے کئی علاقوں میں تحفظ محنتانہ قانون کی خلاف ورزی پر کئی نجی اسکول بند کردئیے ۔

transfer of iqama without employer approval on salary delay

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں