مقدس شہروں اور زائرین کی خدمت اولین فریضہ ہے - شاہ سلمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

مقدس شہروں اور زائرین کی خدمت اولین فریضہ ہے - شاہ سلمان

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب مقدس شہروں اور زائرین کی خدمت کو اپنا ولین فریضہ سمجھتا ہے ۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے عہد سے لے کر جدید تاریخ تک ہماری ریاست بیت اللہ اور رسول اللہ ﷺ کے دارالہجرہ کی پاسداری کو اپنی عظیم ذمہ داری سمجھتی رہی ہے ۔ حج ، عمرے اور زیارت کے لئے آنے والوں کی سلامتی کی حفاظت کرتی رہی ہے ۔ اب بھی یہ فریضہ اسی انداز سے نبھارہی ہے ۔ پہلی سعودی ریاست، دوسری سعودی ریاست اور موجودہ تیسری سعودی ریاست کی تاریخ اس بات کا گواہ ہے ۔ وہ جمعرات کو ریاض کے قصر یمامہ میں اسلام اور انسداد دہشت گردی کے زیر عنوان عالمی اسلامی کانفرنس کے مہمانوں سے خطاب کررہے تھے۔4روزہ کانفرنس بدھ کو مکہ مکرمہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ مہمانوں کے ہمراہ مفتی اعلیٰ و سربراہ رابطہ سرپریم کونسل شیخ عبدالعزیز آل شیخ اور سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالمحسن الترکی بھی تھے ۔ اس موقع پر ہالینڈ میں یورپی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عظیم الشان مساعی کے اعتراف میں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور مسلم اقلیتوں کی بہترین خدمات کے اعتراف میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں پیش کی گئیں ۔ شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب جو آپ کی ریاست ہے، امن و امان ، سکون اطمینان اور خوشحالی کی نعمت سے مالا مال ہے ۔ ایسا اس لئے ہے کہ کیونکہ یہ ریاست قرآن و سنت کے احکام پر عمل پیرا ہے ۔ مملکت کا آئین قرآن و سنت ہے ۔ یہ ریاست اسلام کی بنیاد پر قائم ہوئی ۔ شاہ سلمان نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کا لقب میرے لئے باعث اعزاز ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ ہم سب کو اپنے دین اور اپنے پاکیزہ عقائد کی خدمت کی توفیق عطا کرتا رہے۔ ہمیں تعصب اور اسلام کو بدنام کرنے والے تشدد سے دور رکھے ۔ اسلام جیسا کہ اپ جانتے ہیں میانہ روی کا علمبردار مذہب ہے ۔ ہمیں قرآن و سنت اور خلفائے راشدین کے اس طریقہ کار کی پیروی کرتے رہنا ہے ۔ جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ آسانی پیدا کرو ، عوام کو متنفر نہ کرو ۔ مفتی اعلیٰ آل الشیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی قیادت مسلم اتحاد اور مسلمانوں میں صلاح و اصلاح چاہتی ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ الترکی نے کہا کہ اسلام اور انسداد دہشت گردی کانفرنس اس جذبہ کے تحت بلائی گئی کہ دہشت گردی مسلم اور عرب ممالک نیز پوری دنیا کے لئے بھیانک آفت ہے ۔ مملکت اس کے انسداد کے لئے منفرد مساعی صرف کررہی ہے ۔ کانفرنس نے عالمی برادری اور اس کے اداروں کو دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے انسداد کے لئے اہم پیغام جاری کئے اور منفرد سفارشات منظور کیں ۔ مہمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے فیلڈ مارشل(راب) عبدالرحمان سوار الذہب نے کہا کہ امت مسلمہ زبردست بحرانوں سے دوچار ہے ۔ سعودی عرب اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کی فلاح کے لئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت امت کو ساحل نجات تک پہنچانے کی اہلیت رکھتا ہے ۔ تقریب میں ولی عہد شہزادہ مقرن ، نائب وزیر خارجہ شہزادہ عبدالعزیز بن عبداللہ ، ایوان ولی عہد کے مشیر شہزادہ منصور بن مقرن علماء اور وزراء بھی موجو د تھے ۔

To serve holy cities and visitors is our duty, king salman

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں