استعفیٰ واپس لینے یمنی صدر ہادی کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

استعفیٰ واپس لینے یمنی صدر ہادی کا فیصلہ

عدن
آئی اے این ایس
یمن کے صدر عبدالوہاب منصور الہادی نے باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ دارالحکومت صنعا کو خیر باد کہہ کر جاریہ ہفتہ کے اوائل میں بندرگاہی شہر عدن روانہ ہوگئے تھے جہاں سے صدارتی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے ایک سرکاری عہدیدار کے حوالہ سے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کی شب دیر گئے صدر ہادی نے پارلیمنٹ کے اسپیکر اور نمائندوں کو سرکاری سطح پر ایک مراسلہ روانہ کرکے بتایا کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لے رہے ہیں ۔ اتوار کو ہادی نے اپنی صدارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے تحت فوج کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کئی اجلاس کا اہتمام کیا تھا جن میں ملک کے شمالی اور جنوبی صوبوں کے گورنرس اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے ۔ اجلاس کے دوران ہادی نے توٖثیق کی کہ وہ ملک کے باقاعدہ صدر ہیں اور انہوں نے اس موقف کا بھی اعادہ کیا کہ وہ گلف کو آپریشن کونسل کی خطوط کے مطابق سیاسی عمل کے عہدے کے پابند ہیں۔ ہادی کو شیعہ حوثی باغیوں نے کئی ہفتوں تک ان کی قیام گاہ پر نظر بند کررکھا تھا تاہم بین الاقوامی اور مقامی دباؤ کے نتیجہ میں حوثیوں نے انہیں نکل جانے کا موقع دیا ۔ہفتہ کے روز وہ دارالحکومت صنعا سے نکل گئے جس کے بعد وہ بندرگاہی شہر عدن پہنچے ۔ انہوں نے عہدہ کا جائزہ 2012میں لیا تھا تاہم22جنوری کو اپنا استعفیٰ پارلیمنٹ کو پیش کردیا تھا ۔ حوثی گروپ کی جانب سے احتجاج کے بعد انہوں نے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا تھا ۔ پارلیمنٹ نے ہادی کے استعفیٰ پر پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہوگا کہ اقوام متحدہ کے سفیر جمال بینو مار کی زیر ثالثی یمن کے سیاسی جماعتوں نے9فروری کو بات چیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا تھا جس کا مقصد ملک میں سیاسی بحران کا خاتمہ تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ فریقین ایک صدارتی کونسل دینے پر رضا مند ہوگئے تھے تاہم پارلیمنٹ کے قانونی ہونے کا تنازعہ ہنوز باقی ہے ۔

Yemen's ousted president withdraws resignation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں