سوائن فلو سے ملک میں 875 اموات - صورتحال پر ڈبلیو ایچ او کی نظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

سوائن فلو سے ملک میں 875 اموات - صورتحال پر ڈبلیو ایچ او کی نظر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج کہا ہے کہ سوائن فلو نے ملک میں اس سال اب تک875افراد کی جانیں لے لی ہیں اور متاثرین کی تعداد15ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ لیکن اب تک اس تنفسی بیماری سے عوام کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ہے ۔ احمد آباد کے ضلع کلکٹر نے اس دوران شہر میں دفعہ144کے تحت تحدیدات عائد کرتے ہوئے سوائن فلو کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اجازت کے بغیر عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ وزیر صحت جے پی ندا نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کہا کہ سوائن فلو ایک باعث تشویش معاملہ بنتاجارہا ہے ۔ عالمی تنظیم صحت ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں سوائن فلو کی صورتحال پر محتاط نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ حالانکہ تنظیم نے کہا کہH1N1وائرس کے بڑے پیمانہ پر پھیلنے کی کوئی علامات نہیں ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال23فروری تک مختلف ریاستوں میں اس بیماری سے875افراد فوت ہوچکے ہیں جب کہ15ہزار413افراد متاثر ہوئے ۔ مرکزی وزیر نے انفلوائز اA،H1N1یا سوائن فلو کے علاج کے لئے استعمال کی جانے والی دوا(Oseltamivir) کی قلت کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ دو ا ہندوستان میں تیار کی جاتی ہے ۔ ہم نے دو مرتبہ دوا سازی کمپنی کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ اسی دوران راجستھان میں سوائن فلو سے مزید13اموات ہوئی ہیں ۔ اس طرح اس ریاست میں ہلاکت خیز وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد225ہوگئی ۔ بنگال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 21فروری کو ایک خانگی ہاسپٹل میں سوائن فلو سے ایک شخص کی موت ہوگئی اور ریاست میں کم از کم5افراد اس وائرس سے باعث ہلاک ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بتایا کہ سوائن فلو کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ دریں اثناء سری نگر سے بھی مزید ایک شخص کے سوائن فلو سے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے اس طرح اس ریاست میں مہلوکین کی تعداد6ہوگئی جب کہ گزشتہ24گھنٹوں میں مزید15افراد کے اندر یہ وائرس مثبت پایا گیا ہے ۔ اس دوران دہلی میں سوائن فلو کے119نئے معاملات سامنے آئے ۔ گجرات سے آج12مزید اموات کی اطلاع ملی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں مرنے والوں کی تعداد231ہوگئی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سال کے اس وقت میں موسمی فلو معمول کی بات ہے اور ہندوستان میں تنظیم کا دفتر اس بیماری سے نمٹنے کے لئے حکومت ہند کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے لیکن ہم محتاط نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر جنرل فلاویا بستر یوک نے کہا کہ وہ میڈیا سے درخواست کرتی ہیں کہ وہ سوائن فلو کے بارے میں احتیاط سے رپورٹنگ کریں اور عوام میں خوف نہ پھیلائیں ۔ ممبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مہاراشٹرا میں سوائن فلو سے4افراد کی موت کے ساتھ ریاست میں مرنے والوں کی تعداد103ہوگئی ۔

Swine flu death toll reaches 875, number of those infected hits 15000

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں