اراضی ترمیمی بل منظور ہو تو حکومت دلال بن جائے گی - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

اراضی ترمیمی بل منظور ہو تو حکومت دلال بن جائے گی - کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر دہلی و قائد عام آدمی پارٹی اروند کجریوال اور اناہزارے تقریباً تین سال کے طویل وقفہ کے بعد آج ایک ہی اسٹیج پر دیکھے گئے ۔ کجریوال نے حصول اراضی آرڈیننس کے خلاف ہزارے کے احتجاج کی مکمل تائید کی اور کہا کہ قانون (آرڈیننس) مرکز کو کارپوریٹ اداروں کے لئے ایک’’پراپرٹی ڈیلر‘‘ کی طرح کام کرنے لگائے گا ۔ ہزارے نے صلح صفائی کا اشارہ دیتے ہوئے اسٹیج پر کجریوال کا خیر مقدم کیا جو کبھی ان کے رفیق تھے ۔ اے اے پی کے تقریباً تمام ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے انا ہزارے کے احتجاج میں شرک کی ۔ اپنے مختصر خطاب میں کجریوال نے متنازعہ قانون سازی پر مرکز کو شدیدی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دہلی کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اس کی غیر دشمن پالیسیوں کے سبب سزا ملی اگرچہ اس پارٹی کو لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی ملی تھی ۔‘‘ اگر ترمیمی بل منظور ہوجاتا ہے تو یہ حکومت ایک دلال بن جائے گی اور بڑی کمپنیوں کے لئے پراپرٹی ڈیلر بن جائے گی ۔ ہم مذکورہ بل کی پرزور مخالفت کرتے ہیں ۔ موجودہ حکومت کو سبق سیکھنا چاہئے ۔ عوام نے گزشتہ مئی میں بی جے پی کی کھل کر تائید کی تھی اور لوک سبھا انتخابات میں اس کی کامیابی کو یقینی بنایا تھا ۔ لیکن8-9ماہ بعد ہی بی جے پی کی پالیسیوں کے سبب عوام نے اس پارٹی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔‘‘ ملک میں اگر کوئی حکومت، غریبوں کے خلاف قانون بناتی ہے کسانوں کے خلاف قوانین بناتی ہے ،تو عوام اس حکومت کو باقی نہیں رہنے دیں گے اور ایک سبق سکھائیں گے ۔ ہم مذکورہ قانون کے خلاف انا ہزارے کی قیادت میں ملک گیر احتجاج کی تائید کرتے ہیں۔ آج میں بحیثیت ایک چیف منسٹر یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ شہر میں کسی کو بھی اراضی زبردستی حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ چیف منسٹر دہلی نے اراضی آرڈیننس پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ غریبوں اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دہلی میں اراضی کے لئے کسی کو بھی مارکٹ قیمتوں پر معاوضہ دلایاجائے گا ۔ اگر ہم اس ملک کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو ہمیں عوام کو ساتھ لے چلنا ہوگا ۔ ہم یہ کام، عوام پر بولڈوزر چلاتے ہوئے نہیں کرسکتے ۔ بصورت دیگر عوام، آپ پر بلڈوزر چلادیں گے ۔ کجریوال نے انا ہزارے کو اپنا’’گرو‘‘ اور پِتا کے مثل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ(ہزارے) دل کی گہرائیوں سے گاندھیائی تحریک کی تائید کرتے ہیں۔‘‘

انا کو آج دہلی سکریٹریٹ آنے کی دعوت
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے جذبہ احترام کے طور پر آج سماجی کارکن انا ہزارے کو کل(25فروری) سرکاری سکریٹریٹ آنے کی دعوت دی اور ان سے خواہش کی کہ وہ ارکان مقننہ، وزرا اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کریں اور انہیں موافق عوام خدمات کی ترغیب دیں ۔ اے اے پی لیڈر اروند کجریوال نے آج پارلیمنٹ اسٹریٹ پر ایک احتجاج کے دوران گاندھیائی رہنما ہزارے کے ساتھ اسٹیج پر ملاقات کے دوران یہ دعوت دی ۔ اس طرح2011میں مخالف رشوت ستانی تحریک کے دوران دونوں کی رفاقت کی یادیں تازہ ہوگئیں ۔ کجریوال نے کہا کہ’’ کل اگر اناجی، دہلی سکریٹریٹ آئیں تو ان کی موجودگی سے یہ مقام پاک ہوگا۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ وہاں آئیں اور کم از کم10منٹ کے لئے مختلف ارکان و نیز حکومت کے عہدیداروں سے تال میل قائم کریں ۔اس سے ہم سب کی رہنمائی ہوگی ۔ کجریوال جو بھورے رنگ کا شرٹ اور آسمانی رنگ کا سوئٹر زیب تن کئے ہوئے تھے ابتداً اسٹیج کے سامنے ہجوم میں کھڑے دیکھے گئے لیکن بعد میں انا ہزارے کے حامیوں نے انہیں اسٹیج پر پہنچا دیا جس پر وہاں جمع ہجوم نے زبردست تالیاں بجائیں۔(کجریوال آج اپنا روایتی مفلر نہیں باندھے تھے )کجریوال ، انا ہزارے کے بالکل بازو میں بیٹھے ہوئے تھے اور اسٹیج پر موجود افراد کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔ وقفہ وقفہ سے وہ اپنا ہاتھ ہلا کر ہجوم کا جواب بھی دے رہے تھے ۔ احتجاج میں موجود اے اے پی ارکان مقننہ میں چاندنی چوک کی ایم ایل اے الکا لامبا بھی شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انا ہزارے کو مدعو کرنے کا مقصد’’بیورو کریسی کو ہندوستان کے تعلق سے گاندھیائی رہنما کے تناظر سے وابستہ کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انا ہزارے وہاں آئیں کیونکہ انکی موجودگی سے بیورو کریٹس، ارکان مقننہ، وزراء اور دیگر شخصیتیں ، گاندھیائی خیالات سے واقف ہوں ۔ ایسی صورتحال اب تک مفقود رہی تھی۔‘‘اس سوال پر کہ آیا انا ہزارے نے حکومت کی دعوت قبول کرلی ہے، الکالامبا نے کہا کہ’’ہم نے انا جی کو کل اسمبلی میں مدعو کیا ہے ۔ جواب دینا ان کا کام ہے لیکن سکریٹریٹ میں ان کی موجودگی سے یقیناًسب کا فائدہ ہوگا ۔ آج کچھ دیر کے لئے سینئر اے اے پی لیڈر یوگیندر یادو بھی ہزارے کے اسٹیج پر آئے ۔

Kejriwal meets Anna, AAP to join protest against Land Acquisition Ordinance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں