ہند چین تعلقات نئے مرحلہ میں داخل - جن پنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-03

ہند چین تعلقات نئے مرحلہ میں داخل - جن پنگ

بیجنگ
پی ٹی آئی
چینی صدر شی جن پنگ نے آج یہاں وزیر خارجہ سشماسوراج سے ملاقات کی اور کہا کہ چین اور ہندستان نے تعاون میں اضافہ کرنے، ان کے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان طے پائے معاہدوں کو روبہ عمل لانے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے یہاں گریٹ ہال آف دی پیپل میں سشما سوراج سے ملاقات کے دوران کہا کہ مجھے ہند۔ چین تعلقات کے مستقبل پر پورا بھروسہ ہے اور میرا یہ ماننا ہے کہ جاریہ سال باہمی تعلقات کے فروغ میں بہتر پیشرفت ہوگی ۔ شی جن پنگ نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر میں ان کے دورہ ہند کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے مرحلہ میں داخل ہوئے ہیں۔ ہند۔ چین تعلقات کا مثبت پہلو یہ ہے کہ تعلقات میں فروغ ہورہا ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے اور مودی کے درمیان طے پائے معاہدوں کو روبہ عمل لانے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ دونوں ممالک کی جانب سے کئے جانے والے ٹھوس اقدامات میں ایک قدم یہ بھی ہے کہ انہوں نے کل براہ تبت سکم سے کیلاش۔ مانسرور یاترا کے لئے متبادل راستہ اختیار کرنے کے طریقہ کار پر آپس میں نوٹس کا تبادلہ کیا ہے ۔ یہ راستہ جون سے کھولاجائے گا، جس کے نتیجہ میں زیادہ سے زیادہ ہندوستانی یہ یاترا کرسکیں گے۔ شی نے گزشتہ سال نئی دہلی کے دورہ کے موقع پر مودی سے وعدہ کیا تھا کہ یہ نیا راستہ کھولاجائے گا ۔ اپنے دورہ ہند کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے انہوں نے سشما سوراج کو بتایا کہ حکومت اور عوام نے میری جو شاندار میزبانی کی تھی اس کی یادیں ہنوز میرے ذہن میں تازہ ہیں ، خاص طور پر ریاست گجرات میں وزیر اعظم مودی کے آبائی ٹاؤن کے دورہ کی یادیں مجھے بے حد عزیز ہیں ۔ اس دورہ میں خود وزیر اعظم میرے ساتھ تھے ۔ انہیں میری نیک تمنائیں پہنچادیں ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیر اعظم مودی دونوں کو میری طرف سے دلی مبارکباد پیش کریں۔ سشما سوراج نے شی جن پنگ کے گرمجوشانہ الفاظ کا اتنی ہی گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے چینی نئے سال کے موقع پر جس کا جاریہ ماہ کے اواخر میں آغاز ہورہا ہے، چینی عوام کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ نیا چینی سال ’’بھیڑ‘‘ کا سال ہوگا اور اسے اختراعیت اور ایجادات کا سال تصور کیاجاتا ہے ۔ میں سمجھتی ہوں کہ آپ کا دورہ ہند بھی اختراعات و ایجادات سے متعلق تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے نئے طریقے تلاش کئے جارہے ہیں ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ صدر چین بہت کم بیرونی وزراء کا خیر مقدم کرتے ہیں، تاہم عہدیداروں کے مطابق اس اقدام سے ہندوستان کے تئیں چینی قائدین کی گرمجوشی اور دوستی کا اظہار ہوتا ہے ۔ سشما سوراج31جنوری کو یہاں پہنچیں۔ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے تفصیلی بات چیت کی، جس کے دوران انہوں نے کہا کہ آنے والے مئی میں بی جے پی حکومت کا ایک سال مکمل ہونے سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی چین کا نتیجہ خیز دورہ کریں گے ۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے یہاں اپنے روسی ہم منصب سر گئی لاروف سے لاقات کی۔ ان کی یہ ملاقات روس۔ ہند۔ چین وزرائے خارجہ کی ملاقات سے قبل ہوئی۔ لاروف اس میٹنگ میں شرکت کے لئے ایر پورٹ سے سیدھے میٹنگ کے مقام پر پہنچے جس میں نئے معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے بھی شرکت کی۔ عہدیداروں نے بتایاکہ زائد از ایک گھنٹہ طویل بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی کومزید فروغ دینے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ بات چیت صدر روس ولادیمیرپوٹین کے گزشتہ سال دورہ ہند کے موقع پر جاری کیے گئے ویژن دستاویز’’دروزبھا۔ دوستی‘‘ مرکوز رہی ۔ اس دستاویز کا مقصد آئندہ سال کے دوران۔ ہند راس شراکت داری کو مستحکم بنانا ہے ۔

Xi Jinping meets Sushma Swaraj, upbeat about growth of India-China ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں