جموں و کشمیر میں بی جے پی - پی ڈی پی اتحاد کی تشکیل کا رسمی اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

جموں و کشمیر میں بی جے پی - پی ڈی پی اتحاد کی تشکیل کا رسمی اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی( پی ڈی پی) نے آج رسمی طور پر اعلان کیا کہ وہ(دونوں جماعتیں) جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے لئے یکجا ہورہی ہیں اور امکان ہے کہ اتوار یکم مارچ کو حکومت کی حلف برداری ہوگی۔ دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کی بنیاد، ایک مشترکہ اقل ترین پروگرام( سی ایم پی) ہے جس میں متنازعہ مسائل جیسے دستور کی دفعہ370اور متنازعہ افسپا(مسلح فورسس خصوصی اختیارات ایکٹ) کا احاطہ کیاگیا ہے ۔ سی ایم پی کے تحت بی جے پی کو اس حساس ریاست میں پہلی بار اقتدار پر آنے کا موقع ملے گا۔ آج کا اعلان یہاں صدر بی جے پی امیت شاہ کی قیام گاہ پر صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی کے درمیان ہوئی45منٹ کی اہم بات چیت کے بعد دونوں قائدین نے ایک مشترکہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ بات چیت ، سی ایم پی کی قطعی صورت گری کے لئے منعقد ہوئی ۔2ماہ قبل جموں و کشمیر میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں ایک معلق ایوان وجود میں آیا ۔ آج طے پائے معاہدہ کے تحت پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید ، ریاست جموں و کشمیر کے چیف منستر ہوں گے۔ مفتی سعید، کل(25فروری) کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ اور اس کے دوسرے روز یعنی جمعرات کو مشترکہ اقل ترین پروگرام منظر عام پر لایاجائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ تقریب حلف برداری امکان ہے کہ یکم مارچ کو ہوگی ۔ ’’مبارک دن‘‘ کو ملحوظ رکھتے ہوئے غالباً مذکورہ تاریخ کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے بتایا کہ’’ مختلف مسائل پر کئی راؤنڈ بات چیت کے بعد ایک مشترکہ اقل ترین پروگرام پر تقریباً اتفاق رائے ہوگیا ہے اور بہت جلد کشمیر کے عوام کو پی ڈی پی اور بی جے پی کی ایک عوامی مشترکہ حکومت حاصل ہوجائے گی ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ87رکنی اسمبلی میں28نشستیں حاصل کرتے ہوئے پی ڈی پی ، واحد سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھری ہے جب کہ بی جے پی ارکان اسمبلی کی تعداد25ہے ۔ شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی نے مفتی سعید کی ملاقات کے بعد تشکیل حکومت کی تاریخ اور وقت کا اعلان کیا جائے گا۔ دونوں ہی جماعتیں، سی ایم پی کی تفصیلات جاری کریں گی ۔’’لیکن مجھے خوشی ہے کہ تشکیل حکومت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ، تقریباً دور ہوگئی ہیں ۔‘‘ دونوں جماعتوں کے درمیان متنازعہ مسائل کی شناخت کیے بغیر محبوبہ مفتی نے کہا کہ’’ خوش قسمتی سے ہم اہم مسائل پر اتفاق رائے پر پہنچ چکے ہیں ۔‘‘انہوں نے مشترکہ اقل ترین پروگرام کو’’ ایجنڈہ برائے اتحاد‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ اتحاد ’’اقتدار میں شرکت کے لئے نہیں بلکہ ریاست کے عوام کے دلوں اور ذہنوں کو جیتنے کے لئے ہے۔‘‘محبوبہ مفتی نے اس اتحاد کو ماضی میں دیگر اتحادوں سے جداگانہ قرار دیا اور کہا کہ’’ یہ پہلا موقع ہے ۔ اس اتحاد کے ذریعہ مابقی ملک سے اس ریاست کے عوام کی’’بیگانگی‘‘ کو ختم کرنے کا موقع ملے گا اور ریاستی عوام کو رشوت سے پاک اور ضامن ترقی حکومت فراہم ہوگی ۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ’’ دونوں جماعتوں نے درمیانی راستہ اختیار کیاہے جس سے ریاست اور ملک دونوں کو فائدہ ہوگا۔‘‘

Deal sealed: BJP, PDP formally announce alliance in J&K

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں