عام آدمی پارٹی حکومت عوام کی رائے سے بجٹ بنائے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

عام آدمی پارٹی حکومت عوام کی رائے سے بجٹ بنائے گی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی حکومت نے ایک انوکھی پہل میں فیصلہ کیا ہے کہ وہ2015-16کے لئے دہلی کے بجٹ کی تیاری میں عام لوگوں کو بھی شامل کرے گی ، تاکہ مختلف علاقوں کی ضروریات کی بنیاد پر رقومات مختص کی جاسکیں ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نیدہلی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا بجٹ پر عوام کی رائے لینے کے بعد ایوان میں تفصیل مباحث کرائے جائیں گے جہاں ارکان اسمبلی قطعی فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم پانچ تا دس اسمبلی حلقوں میں تجرباتی اساس پر شروع کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم نے عوام سے یہ دریافت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ ان کا بجٹ کس طرح کا ہونا چاہئے ۔ اس پہل کے لئے ہم پانچ تا دس اسمبلی حلقوں کا انتخاب کریں گے ۔ اس کے بعد ایوان میں ان کے فیڈ بیاک پر غوروخوض کیاجائے گا۔ کجریوال نے کہا کہ عوام کو بھی یہ بتانے کا موقع دینا چاہئے کہ ان کے حلقوں میں فنڈس کس طرح خرچ کیے جائیں ۔ یہ پہل شہریوں کو حکمرانی میں شامل کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ضروریات کی بنیاد پر بجٹ تیار کیاجائے گا۔ ہم تجرباتی اساس پر اس پہل کا آغاز کریں گے ۔ اسی دوران موصولہ یو این آئی اطلاع کے مطابق دہلی کے لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ نے آج کہا کہ نئی عام آدمی پارٹی حکومت کی اولین ترجیح دہلی کے لئے مکمل ریاست کے درجہ کا مسئلہ اٹھانا ہوگا۔ نجیب جنگ نے دہلی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کے لئے عام آدمی پارٹی حکومت کے منصوبوں سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کے لئے عام آدمی پارٹی حکومت کے منصوبوں اور پالیسیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی حکومت، مقررہ مدت میں جن لوک پال قائم کرنے کے لئے کام کرے گی ۔ حکومت ، دہلی میں خواتین کے تحفظ و سلامتی پر بھی توجہ مرکوز کرے گی۔۔عا م آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی رام نواس گوئل کو کل چھٹویں دہلی قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر متفقہ طور پر منتخب کیا گیا ۔ عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی بندنا کماری کو نومنتخبہ اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے ان کا نام تجویز کیاتھا ۔ رام نواس گوئل کو شاہد رہ اسمبلی حلقہ سے منتخب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کے جتیندر سنگھ کو زائد از گیارہ ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے ۔ بندنا کماری ، شالیمار باغ اسمبلی حلقہ کی رکن ہیں اور انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی امیدوار ریکھا گپتا کو10978ووٹوں سے شکست دی ہے ۔ دہلی اسمبلی کے دو روزہ سیشن کا کل سے آغاز ہوا تھا۔

AAP govt to involve people in budget-making exercise

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں