حاجیوں کے حج فنڈ کے لیے مہارشٹرا حج کمیٹی کا مرکز سے مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

حاجیوں کے حج فنڈ کے لیے مہارشٹرا حج کمیٹی کا مرکز سے مطالبہ

ممبئی
ایس این بی
مہاراشٹرا حج کمیٹی نے آج اپنی میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت سے عازمین حج کے لئے ایک فنڈ مختص کرنے اور گزشتہ سال سفر حج کے دوران ایئر انڈیا کے ذریعے مقرر کردہ ایک نجی ایئر لائنس سے حجاج کرام کو معاوضہ دلانے کا مطالہ کیا جائے گا۔ مذکورہ میٹنگ حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی ابراہیم شیخ عرف بھائی جان کی صدارت میں ہوئی اور اس میں کئی مسائل پر غوروخوض کے ساتھ ساتھ ان دو مطالبات سمیت چار مطالبے کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ آج سے حج2015کے لئے فارم کی تقسیم کا آغاز ہوا اور تقریباً450افراد نے فارم حاصل کیے ہیں ، ان فارم کو جمع کرنے کی آخری تاریخ20فروری مقرر کی گئی ہے ۔ فارم ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین کے ہاتھوں سے تقسیم کیے گئے ۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا سے گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم شیخ نے کہا کہ آج ریاستی حج کمیٹی کی ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے دس سال میں سبسڈی ختم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کی بنیاد پر وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر برائے خارجی امور اور وزیر برائے اقلیتی امور سے ملاقات کرکے مطالبہ کیاجائے کہ عازمین حج کے لئے ایک مخصوص فنڈ مختص کیاجائے تاکہ سفر حج کے لئے آنے والے خرچ میں کمی جائے ۔ حج فنڈ کے ساتھ ساتھ 2015کے حج کے لئے مزید سہولیات کے ساتھ کوٹہ میں بھی اضافہ کیاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواہشمند افراد حج کا فریضہ ادا کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حج کمیٹی کی میٹنگ میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوبی ممبئی میں کرافورڈ مارکیٹ پر واقع مرکزی حج کمیٹی کی عمارت حج ہاؤس میں ریاستی حج کمیٹی کے لئے دو ہزار مربع میٹر کی جگہ الاٹ کی جائے تاکہ وہ مرکزی حج کمیٹی کے ساتھ تال میل سے کام کرسکے ۔ ایک اہم ترین فیصلہ کے بارے میں ابراہیم بھائی جان نے بتایا کہ آج کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال ایئر انڈیا نے جس نجی ایئر لائنس ڈائنا مک ایئر لائنس کو ٹھیکہ دیا تھا ، اس سے معاوضہ طلب کیاجائے کیونکہ اس کی وجہ سے حاجیوں کو30-30گھنٹے فلائٹ میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا ، اس لئے معاوضہ کے طور پر فی حاجی15-15ہزار روپے دئے جائیں ۔ آج ہونے والی ریاستی حج کمیٹی کی میٹنگ میں چیئرمین ابراہیم شیخ ، راجیہ سبھا رکن ایدوکیٹ مجید میمن ، حسنی خلیفہ ممبر اور ایم ایل اے سی، ریاض ساجد ، مولانا قادری ، ممبئی اور مولانا ہاشمی ناندیڑ وغیرہ نے شرکت کی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں