وزیر اعظم کے ہاتھوں بیٹی بچاؤ - بیٹی پڑھاؤ مہم کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-23

وزیر اعظم کے ہاتھوں بیٹی بچاؤ - بیٹی پڑھاؤ مہم کا افتتاح

پانی پت(ہریانہ)
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں ملک گیر ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ مہم کا آغاز کیا ، تاکہ ملک میں بچوں کے جنسی تناسب میں انحطاط کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے ، اس کی روک تھام کی جاسکے اور لڑکیوں کو بااختیار بنایاجاسکے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وقت امتیاز برتنے اور عدم مساوات کے لئے کسی کو موردِ الزام ٹھہرانے کا وقت نہیں ۔ انہوں نے سماج میں اس مسئلہ کے تئیں حساسیت کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ سماج اس مسئلہ کو نظر انداز کرتے ہوئے سنگین خطرات کو دعوت دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ہریانہ میں شروع کیا جارہا ہے لیکن سارے ملک کے لئے ایک پیام ہے ۔ انہوں نے انحطاط پذیر جنسی تناسب کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہا کہا گر یہ صورت حال رقرار رہی تو ملک کا کیا ہوگا ۔ اگر ہمارے پاس ایک ہزار لڑکے ہوں تو ایک ہزار لڑکیاں بھی ہونی چاہئیں ۔ اگر ہماری بیٹی نہ ہو تو ہم کس طرح بہو لاسکیں گے ۔ وزیر اعظم نے سکنیا سمادھی یوجنا بھی شروع کی، جس کے تحت 10سال سے کم عمر کی لڑکیاں بینکوں میں کھاتے کھول سکتی ہیں ۔ پانچ کم عمر لڑکیوں کو بینک کھاتے پیش کئے گئے ۔ وزیر مواصلات روی شنکر پرساد نے اس موقع پر بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ پروگرام پر ایک ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔ فلم ادکارہ مادھوری دکشت نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ جنہیں اس مہم کا برانڈ سفیر بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے لڑکیوں کے لئے مساوی حقوق کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس تقریب میں مرکزی وزراء منیکا گاندھی ، روی شنکر پرساد ، سمرتی ایرانی اور جے پی نڈا نے شرکت کی ۔ سینکڑوں افراد شدید سردی اور بارش کی پرواہ کیے بغیر اس جلسہ میں شریک ہوئے ۔ چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے اس مہم سے متعلق ایک لوگو وزیر اعظم کو پیش کیا ۔ اس لوگو پر لڑکی کی تصویر ہے ۔ اس مہم کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں بیداری پھیلانا ہے اور نسوانی جنین کشی کا خاتمہ کرنا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں نسوانی جنین کشی کا عمل جاری ہے اور ہریانہ میں تو خاص طور پر اس کا بہت زیادہ چلن ہے ۔ وزیر اعظم نے منوہر لال کھٹر کی زیر قیادت نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد پہلی مرتبہ ہریانہ کا دورہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ یہ اس ریاست میں بی جے پی کی اولین حکومت ہے ۔ اس مہم کے تحت لڑکیوں کے تئیں عوام کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی ۔ بالخصوص بعض ایسے مواضعات ہیں جہاں لڑکی کو بوجھ تصور کیاجاتا ہے اور حمل قرار پاتے ہی جنس کے تعین کا معائنہ کروانے کے بعد نسوانی جنین کو تلف کردیاجاتا ہے ۔ یہ عمل لڑکیوں کے ساتھ امتیاز برنے کے مترادف ہے ۔

PM Modi launches 'Beti Bachao-Beti Padhao' campaign

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں