آئی سی سی میں شمولیت - فلسطینی قائدین دھمکیوں کے سبب زیر دباؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-08

آئی سی سی میں شمولیت - فلسطینی قائدین دھمکیوں کے سبب زیر دباؤ

بیت اللحم
آئی اے این ایس
صدر محمود عباس نے بتایا کہ حال ہی میں بین الاقوامی کریمنل کورٹ( آئی سی سی) میں شمولیت کی کوششوں کے بعد سے فلسطینی قیادت کو دھمکیاں موصول ہورہی ہیں ۔ علاوہ ازیں قیادت زیر دباؤ بھی ہے ۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے محمود عباس کے حوالہ سے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ناکامی کے بعد ہم نے اپنی شکایت دنیا کی سب سے بڑی عدالت میں گزارنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آئی سی سی سے رجوع ہونا چاہا جب کہ ڈرانے دھمکانے اور خوفزدہ کرنے کا سلسلہ ہنوز برقرار ہے۔ ہمارا تو بس ایک ہی موقف ہے کہ ہم اپنی سر زمین پر قبضہ کی برخواستگی اور اس کی بازیابی کے خواہاں ہیں ۔ محمود عباس نے مغربی کنارہ کے شہر بیت اللحم (بیت المقدس) میں فلسطینی آرتھاڈاکس کرسچن کے پادریوں، فادرس اور قائدین کے ساتھ عشائیہ کے دوران یہ انکشاف کیا۔ یہاں یہ یاد دہانی بیجا نہ ہوگی کہ2ہفتہ قبل اردن نے فلسطینیوں کے تعاون سے اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ایک قرار داد کے مسودہ میں2017ء تک اسرائیل کے زیر قبضہ کے خاتمہ مخلوعہ علاقوں میں مملکت فلسطین کے قیام کے لئے ایک سال تک اسرائیلی قائدین کے ساتھ رات بات چیت کے ذریعہ مسئلہ حل کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔ فلسطینی آرتھوڈاکس کرسچن اپنے کیلنڈ کے مطابق کرسمس منارہے تھے ، جن سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے مزید کہا کہ ہم مسئلہ حل کرنے سے متعلق کوششوں میں ناکامی اور مایوسیوں کے سبب سیکوریٹی کونسل سے رجوع ہوئے۔ ہم نے قتل و غارت گری اور تشدد کی راہ اپ نانے کے بجائے بین الاقوامی برادری کو اپنے مطالبات سے آگاہ کرنے کے لئے اس سے رجوع ہوئے ۔ تشدد ہماری پالیسی ہے نہ شیوہ شعار۔ ہماری درخواست عالمی برادری اور عالمی سیاسی و سفارتی اداروں سے ہے ۔ ہم گزشتہ چھ دہائیوں سے اسرائیل کے زیر قبضہ ہیں اور اب اپنے حقوق اور اپنے عوام کی خودارادیت کے حصول کے خواہش مند ہیں ۔ فلسطینی عوام60برسوں سے زیر محاصرہ ہیں اور اب زنجیریں توڑنے پر آمادہ ہیں ۔

Palestinian leaders under threats since ICC bid: Abbas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں