کشمیر میں تشکیل حکومت - مفتی محمد سعید کی گورنر سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-18

کشمیر میں تشکیل حکومت - مفتی محمد سعید کی گورنر سے ملاقات

جموں
پی ٹی آئی
تشکیل حکومت کے بارے میں جاری تعطل کے بیچ پی ڈی پی کے سرپرست مفتی محمد سعید نے کل رات گورنر جموں و کشمیر این این ووہرا سے ملاقات کی ۔ سمجھاجاتا ہے کہ دونوں نے سیاسی تعطل کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ مفتی محمد سعید نے راج بھون میں کل رات گورنر سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان تقریباً2گھنٹے ملاقات رہی ، جس میں انہوں نے سمجھاجاتا ہے کہ ریاست میں تشکیل حکومت کے امکانات اور سیاسی تعطل کو ختم کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال ہوا ۔ عہدہ دار نے کہا کہ ملاقات میں کس قسم کی بات چیت ہوئی ، اس کی تفصیل معلوم نہ ہوسکی ۔ پی ڈی پی کے ترجمان نعیم اختر نے بھی کہا کہ وہ ملاقات میں ہونے والی بات چیت سے واقف نہیں ہیں ۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے تشکیل حکومت کے مسئلہ پر گزشتہ ماہ گورنر سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے یہ بھی اشادہ دیا تھا کہ ان کی پارٹی حکومت سازی کے لئے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کے خلاف نہیں ہے ۔پارٹی نے اس سلسلہ میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے تائید کی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ پی ڈی پی کے ترجمان اعلیٰ نعیم اختر نے اس بارے میں کہا کہ عوام نے انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی مخالفت میں ووٹ دیا ہے جس کی وجہ سے سابق حکمراں پارٹی کو صرف15نشستیں ملیں ، وہ تشکیل حکومت کے بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے ۔ گورنر ووہرا نے کشمیر میں حکومت سازی کے لئے سیاسی جماعتوں کو19جنوری تک کی مہلت دی تھی ۔ تاہم عمر عبداللہ کی جانب سے کارگزار چیف منسٹر کی حیثیت سے برقراری سے انکار کے نتیجہ میں8جنوری کو ریاست میں گورنر راج نافذ ہوگیا۔

Mufti Mohammad Sayeed meets NN Vohra over Jammu and Kashmir government formation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں