مجلس دہلی انتخابات میں مقابلہ نہیں کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-18

مجلس دہلی انتخابات میں مقابلہ نہیں کرے گی

حیدرآباد
اعتماد نیوز
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے سیکولر امیدواروں کو کامیاب بنائیں جو عوام کی ترقی ،فلاح و بہبود سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ بیرسٹر اویسی آج دارالسلام میں قومی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہلی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں مجلس مقابلہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ابتدائی سطح سے پارٹی کو تنظیمی طور پر مستحکم کرنا ہے ۔ اس بنیادی کام کو انجام دئیے بغیر انتخابات میں کھڑا ہونا مناسب نہیں ہے ۔ اس سوال پر کہ کون سے سیکولر امیدوار کو عوام ووٹ دیں ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ دہلی کے عوام دانشمند ہیں ، وہ بہتر جانتے ہیں کہ کونسا امیدوار سیکولر ہے اور کون ان کے حق کے لئے آوازاٹھا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ دہلی اسمبلی کے انتخابات میں مجلس کا کوئی امیدوار نہیں ہوگا البتہ مستقبل میں بلدیہ کے انتخابات کے بشمول دیگر انتخابات میں مجلس ضرور حصہ لے گی۔ اتر پردیش میں مجلس کے موقف کو واضح کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اس ریاست میں مجلس دن بہ دن مستحکم ہورہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ2017ء میں ہونے والی اسمبلی انتخابات میں مجلس ضرور حصہ لے گی ۔

Aimim To Skip Upcoming Delhi Assembly Polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں